مجھے غدار کہنے والا خود غدار،جس نے ملک کے ساتھ غداری کی اسے سر عام پھانسی پر لٹکا یا جائے :نواز شریف
بونیر(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا،موٹر ویز بنائی ،دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ملک کو اقتصادی طورپر مضبوط کیا اسے غدار کہا جارہا ہے جو مجھے غدار کہے وہ خود غدار ہے ،میں تو کہتا ہوں جس نے ملک کے ساتھ غداری کی اسے سرعام پھانسی پر لٹکایاجائے۔
بونیر میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا یہ غداری ہے یا محب الوطنی ؟جو ملک کا آئین توڑتے ہیں ،مارشل لا لگاتے ہیں وہ محب وطن بن جاتے ہیں پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ،میں اب عوام کے ساتھ مل کر اس الٹی گنگا کو سیدھا کروںگا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک طرف سپریم کورٹ نے مجھے نااہل کیا اور اب غدار کہا جارہا ہے ،مجھے یہ اس لئے کہا جارہا ہے کیونکہ میں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں اکیلا کیا جارہا ہے ،یہ ملک سب کا ہے ہم ایسی ساری طاقتوں کے خلاف لڑیں گے جو میرے ملک کے خلاف کام کریں گے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ پر پانچ ارب کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا جارہا ہے میں توکہتا ہوں کہ اس پر بھی قومی کمیشن بنایا جانا چاہیے اور چیرمین نیب کو بھی طلب کیا جانا چاہیے ،وہ وہاں آکر معافی مانگیں اور گھر جائیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دوکانعرہ بونیر میں بھی پہنچ گیا ہے ،میں اسے پامال نہیں ہونے دوں گا،نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے اسے پورا بھی کرتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں امن قائم کیا لیکن وہاں کی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا،کے پی میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے کوئی کام نہیں کیا ،اگر آپ لوگوں نے اگلی بار مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تویہاں کے حالات بھی بدل جائیں گے۔آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہیں لیکن ان کے پاس کوئی ملازمت نہیں ۔نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آپ چاہتے ہو کہ میری نااہلی ختم ہوجائے تو ن لیگ کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مضبوط کریں ،اگر آ پ نے مجھے ووٹ دیا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کے ووٹ کی لاج بھی رکھوں گا ،نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے اسے پورا بھی کرتاہے ۔نواز شریف نے خطاب کے بعد ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی لگوائے ۔