کیا آنکھ میں دوائی ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟عرب ملک کے گرینڈ مفتی نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی خوش ہوجائیں گے

دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) روزے کے دوران انجکشن یا آئی ڈراپس کی ضرورت کسی بھی وقت پیش آسکتی ہے لیکن ہم میں سے اکثر کے ذہن میں ان اشیاءکے استعمال کے متعلق ابہام موجود رہتا ہے۔ نیوز سائٹ ایمریٹس 247 کے مطابق اس معاملے کی وضاحت کے لئے دبئی کے گرینڈ مفتی ڈاکٹر علی احمد مشائل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ شافعی اور حنفی فقہ کے مطابق آئی ڈراپس کے استعمال سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اگرچہ استعمال کرنے والے کو اس کی وجہ سے حلق میں ذائقے کی تبدیلی بھی محسوس ہورہی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جسم کے کھلے حصوں، مثلاً کان، ناک یا منہ سے داخل ہونے والی شے سے ہی روزہ ٹوٹتا ہے، آنکھ کا شمار ان حصوں میں نہیں ہوتا۔
اسی طرح ان کا کہنا تھا کہ انجکشن کے استعمال سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے یہ رگ میں لگایا گیا ہو یا عضلات میں، اور چاہے اس کی وجہ سے حلق کے ذائقے کی تبدیلی محسوس ہو یا نہ ہو۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جسم کو غذائی اجزاءکی فراہمی کے لئے استعمال ہونے والے انجکشن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔