ثانیہ مرزا کو دبئی سپورٹس کونسل نے کھیلوں کا سفیربنادیا
دبئی (نیٹ نیوز)سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو دبئی سپورٹس کونسل نے کھیلوں کا سفیر مقرر کر لیا۔ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ دبئی سپورٹس کونسل کی جانب سے منعقدہ تقریب کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دبئی کے لیے کھیلوں کا سفیر بننا ایک اعزاز ہے۔ثانیہ مرزا نے لکھا ہے کہ یہ ناقابلِ یقین موقع فراہم کرنے کیلئے میں دبئی سپورٹس کونسل کی شکر گزار ہوں۔ سوشل میڈیا پر ثانیہ مرزا کے مداحوں کی جانب سے اْنہیں اس کامیابی پر تہنیتی پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔اس تقریب میں ثانیہ مرزا کے علاوہ یو ایف سی چیمپئن خبیب نورماگومیدوف اور سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ سمیت کھیلوں کی دنیا کی کئی دیگر قابلِ ذکر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ دبئی سپورٹس کونسل کی بنیاد 2005ء_ میں رکھی گئی تھی، اس سرکاری ادارے کے ذمے دبئی میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی پر کام کرنا ہے۔
یہ کونسل دبئی کے 7 مقامی سپورٹس کلبز کے کام کی نگرانی کرتی ہے اور معاشرے میں خاص طور پر خواتین اور بچوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بھی سرگرم ہے۔