بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے پسنی میں الیکشن سیل کا افتتاح
پسنی (ظریف بلوچ سے )بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے پسنی الیکشن سیل کا افتتاح آج بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر سید احسان شاہ اور حلقہ پی بی 51 گوادر سے امیدوار حمید حاجی نے کیا۔
اس موقع پر مرکزی رہنما میر چاکر مینگل، رؤف شہزاد،قاضی نوراحمد،خالد رضا اور دیگر موجود تھے۔ بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر سید احسان شاہ، حلقہ پی بی 51 گوادر سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار حمید حاجی،چاکر مینگل، رؤف شہزاد،خالد رضا اور قاضی نوراحمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے پیسے جو ٹیکس کی صورت میں سرکار کے خزانے میں جمع ہوتے ہیں،یہی پیسے پانی کے ٹینکوں اور بیکریوں سے برآمد ہوئے۔نیشنل پارٹی نے بریف کیس کلچر کی سیاست کو فروغ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی ساحل اور وسائل کا دعوی کرتیہے ،ہم حقیقی معنوں میں ساحل اور وسائل کے تحفظ کرتے ہیں۔ ہم اسمبلی میں جاکر بلوچستان کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔ ہم ڈاکٹر مالک اور اسکے ساتھیوں کی طرح نہیں ہیں جو صرف اخباری بیانات تک محدود ہیں۔ ہم جھوٹے دعوی اور منافقت کی سیاست نہیں کرتے ہیں بلکہ اپنے دور اقتدار میں عملی کام کرکے دکھایا ہے۔ بی این پی اپنے ورکروں کو کبھی مایوس نہیں کریگا۔ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے۔بی این پی عوامی کے پاس گوادر کی صوبائی اسمبلی کی نشست نہیں تھی اس کے باوجود اپنے دور میں سینکڑوں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔کیونکہ ہمارا منشور ایک خوشحال بلوچستان ہے۔ ووٹ کی پرچی کو ایک عام کاغذ نہیں سمجھا جائے ،یہ آپ لوگوں کی ضمیر کی آواز ہے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی 51 سے بی این پی کے امیدوار حمید حاجی کا کہنا تھا کہ بی این پی عوامی ایک کاروان،جدوجہد،فکر اور سوچ کا نام ہے ۔ 25جولائی کو اونٹ کی نشان پر مہر ثبت کرکے گوادر کے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ہمارا ساتھ دیں۔