مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی انتقال کرگئے
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی گلوکار ٹیٹو جیکسن 70 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے ہیں۔
ٹیٹو کے بیٹوں، تاج، ٹیریل، اور ٹی جے نے اتوار کے روز انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے والد کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ حیران، غمگین اور دل شکستہ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ "ہمارے والد ایک غیر معمولی شخص تھے جو ہر ایک کا خیال رکھتے تھے۔ کچھ لوگ انہیں دی جیکسن 5 کے ٹیٹو جیکسن کے طور پر جانتے ہیں، کچھ انہیں 'کوچ ٹیٹو' کے نام سے جانتے ہیں اور کچھ انہیں 'پوپا ٹی' کہتے ہیں۔"
گلوکار ٹیٹو اپنے بھائیوں جیکی اور مارلن جیکسن کے ساتھ دی جیکسنز کے طور پر پرفارم کر رہے تھے، اس سال ان کے کئی شوز شیڈول تھے، جن میں ان کا آخری شو 8 ستمبر کو سرے، انگلینڈ میں ہوا۔ ٹیٹو نے اپنی موت سے چند دن قبل میونخ میں مائیکل جیکسن کی یادگار کا دورہ بھی کیا۔
ٹیٹو اپنی موت سے چند دن قبل میونخ، جرمنی میں اپنے بھائی مائیکل جیکسن کی یادگار کا دورہ کر چکے تھے، جہاں انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کی تھی۔
دی جیکسن 5 کے اہم رکن کے طور پر ٹیٹو نے گروپ کے ساتھ I Want You Back ،ABC اور I'll Be There جیسے ہٹ گانوں میں حصہ لیا۔ گروپ کو 1997 میں راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہیں ہالی ووڈ واک آف فیم پر ایک سٹار بھی حاصل ہوا تھا۔ٹیٹو کا پیدائشی نام ٹوریانو ایڈاریل جیکسن تھا اور وہ 15 اکتوبر 1953 کو گیری، انڈیانا میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ جو جیکسن اور کیتھرین جیکسن کے دس بچوں میں سے تیسرے نمبر پر تھے۔
ٹیٹو نے اپنے بھائیوں جیکی اور جرمین کے ساتھ 1964 میں دی جیکسن برادرز بینڈ کی بنیاد رکھی، جسے بعد میں 1966 میں دی جیکسن 5 کا نام دیا گیا۔
دی جیکسن 5 نے 1969 میں موٹاون ریکارڈز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے اور جلد ہی مشہور ہو گئے۔