لوئر کرم میں فائرنگ سے ٹرک ڈرائیور زخمی، ادویات سے بھرا ٹرک لوٹ لیا گیا

پاراچنار(ڈیلی پاکستان آن لائن ) لوئر کرم میں امدادی سامان لیکر جانے والے ٹرک کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ اوچت کے قریب پیش آیا جس میں کرم کے لئے روانہ قافلے کا ایک ٹرک ڈرائیور زخمی ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 64 گاڑیوں کا قافلہ ٹل سے کرم کے لئے سامان لیکر روانہ ہوا تھا تاہم لوئر کرم میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کچھ گاڑیوں کے مالکان واپس ہنگو کے لئے روانہ ہو گئے جبکہ کئی گاڑیاں اوچت کے مقام پر پھنس گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق قافلے پر فائرنگ سے زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی ڈرائیور اکرم خان کا کہنا ہے کہ میڈیسن سے بھرے ٹرک کو لوٹ بھی لیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کرم میں فائرنگ کے واقعات میں متعدد پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہلاکت کے باعث امدادی قافلوں کی پارا چنار فراہمی معطل ہو چکی ہے۔