مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے اونٹنی سانگھڑ سے کراچی منتقل لیکن جان بچانے کیلئے کیا کرنا ہوگا ؟ آپ بھی جانیے

مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے اونٹنی سانگھڑ سے کراچی منتقل لیکن جان بچانے کیلئے ...
مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے اونٹنی سانگھڑ سے کراچی منتقل لیکن جان بچانے کیلئے کیا کرنا ہوگا ؟ آپ بھی جانیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سانگھڑ (ویب ڈیسک) سانگھڑ میں وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹنی کو کراچی منتقل کیا گیا ہے اور  ذرائع کا کہنا ہے کہ اونٹنی کو شہر قائد میں مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی جب کہ ’جان بچانےکیلئے اسے مسلسل کھڑا رکھنا پڑے گا‘۔

"آج نیوز" کے مطابق  سماجی کارکن سارہ جہانگیر کی تنظیم سی ڈی آر ایس بینجی پراجیکٹ فار اینیمل ویلفیئر نے 8ماہ کی زخمی اونٹنی کو سانگھڑ سے ریسکیو کرکے کراچی کے ایک شیلٹر ہوم میں منتقل کیا ہے اور یہ فی الحال وہاں زیرِ علاج ہے۔سارہ جہانگیر نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اونٹنی کی آگے کی ایک ٹانگ کٹی ہوئی ہے، اس کا درد کم کرنے اور زخم خشک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور اب اس کے علاج کے لیے دبئی میں بھی ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کا مستقل حل مصنوعی ٹانگ ہے، ابھی یہ چھوٹی ہے، صرف8 ماہ کی ہے۔ اگر یہ بیٹھتی ہے تو اس کو پیٹ اور گیس کے مسائل ہوسکتے ہیں، جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیاں جان لیوا ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس لیے اس کو مسلسل کھڑا رکھنا ہوگا، چھوٹے جانور، جیسے بلی یا کتا، وہ 3ٹانگوں پر جی سکتے ہیں لیکن بڑے جانوروں کے لیے بڑا کٹھن ہوتا ہے۔ اب یہ اونٹنی اسی شیلٹر میں مستقل رہے گی کیونکہ معذور جانور کسی کے کام کا نہیں ہوتا۔‘

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ سانگھڑ میں وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹنی کو کراچی میں مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی۔  اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کا کہنا ہے کہ وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ اونٹنی کو ہفتے کو کراچی منتقل کیا گیا تھا ، جبکہ پولیس نے اس کی ٹانگ کاٹنے پر 5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

دوسری طرف سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ملزمان اور اونٹنی کے مالک کے درمیان معاملات طے ہو چکے تھے، لیکن انسانی طور پر یہ عمل ناقابل قبول ہے، اس لئے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ادھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانگھڑ میں بااثر وڈیرے کے مبینہ ظلم کے شکار شخص کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سانگھڑ میں غریب کی اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا نوٹس لیا گیا تھا، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سے 2 ملزمان نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے.

 واضح رہے کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو قانون حرکت میں آیا تھا۔