خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کاروائیاں، 11 خوارج ہلاک
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 3 مختلف کاروائیوں کے دوران 11 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز 17 اور 18 دسمبر کو کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ٹانک میں آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے ایک اور آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے 2 خوارج کو ہلاک کیا۔
ضلع مہمند کے علاقے مامدگٹ میں سیکیورٹی فوسز نے تیسری کارروائی کی جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔