مغربی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان، کراچی میں سرد ہوائیں  متوقع،  تازہ خبرآگئی

Jan 18, 2025 | 10:17 AM

 اسلام آباد (آئی این پی) ملک میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، مغربی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ کراچی میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بالائی علاقوں میں برفباری کے ساتھ بادل بھی برسے، کہیں بارش اور کہیں برفباری کے جلوے تو کہیں دھند کے ڈیرے ہیں جبکہ مری میں ایک انچ تک برف پڑچکی ہے۔

ایبٹ آباد، گلیات، سوات اور مینگورہ سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی بڑھ گئی، سب سے زیادہ سردی لیہہ میں منفی 11 کی پڑی، اس کے علاوہ راولا کوٹ، کوٹلی اور بارکھان میں بارش ہوئی۔پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں دھند کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم سرد اور خشک ہے، شہر میں درجہ حرارت 9 ڈگری جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، صوبے کے بالائی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ اور مردان میں بارش اور بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ نوشہرہ ، مردان ، چارسدہ ، صوابی اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔

پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 4، دیر ، مالم جبہ اور پارا چنار میں منفی 2، چترال، کاکول، دروش میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ ماحولیات کے مطابق پشاور میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہر میں مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈکس 242 ریکارڈ ہوا۔جی ٹی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈکس 191، حیات آباد میں 242، ورسک روڈ پر 275 اور چارسدہ روڈ پر 195 ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم صبح اور رات کے وقت شدید سرد رہے گا۔ چاغی، نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 اور ژوب میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 6، تربت میں 12، نوکنڈی میں 7، چمن میں 2، گوادر میں 9 اور جیوانی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں