مسلم لیگ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، شمریز احمد دھکڑ
جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف جنوبی افریقہ کے رہنما شمریز احمد دھکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماجان بوجھ کر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شریف خاندان اخلاقی سیاسی اور قانونی طور پر حکمرانی کرنے اور اقتدار میں رہنے کے قابل نہیں رہاہے جے آئی ٹی رپورٹ کی آڑ میں سپریم کورٹ کے خلاف بیان بازی کی جا رہی ہے اور سپریم کورٹ کے ججز کو جانبدار ثابت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ جے آئی ٹی پر عدم اعتماد سپریم کورٹ پر عدم اعتماد کے مترادف ہے۔ شمریز احمد دھکڑ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپوزیشن رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات بنوا کر ان کی کردار کشی کی ہے اب مکافات عمل اور شریف خاندان کا احتساب شروع ہو تے ہی انہوں نے اداروں کو متنازع بنانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور شریف خاندان سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے باجماعت ہو کر چیخیں مارنا شروع کر دی ہیں شریف خاندان کاکسی دور میں احتسا ب نہ ہوا ہے۔ بلکہ احتساب شروع ہوتے ہی یہ معافی مانگ کر اور NROکر کے ملک سے فرار ہو جاتے ہیں۔