برتن مانگنے گھر میں داخل ہونے والے پڑوسی نے خاتون اور 2 بچوں کو ذبح کردیا، بچوں کی ماں کی جان کیسے بچی؟

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایبٹ آباد کی یونین کونسل سیر غربی کے گاؤن سمبر میں پڑوسی نے برتن لینے کے بہانے گھر میں داخل ہو کر دو بچوں اور ایک خاتون کو ذبح کردیا، بچوں کی ماں مزاحمت کے بعد شدید زخمی حالت میں گھر سے بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب ہوگئی۔
خاتون کے مطابق ان کا پڑوسی برتن مانگنے کے بہانے گھر میں داخل ہوا اور اس کی ساس کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ اس کے بعد ملزم میرے کمرے میں آیا اور مجھ پر حملہ آور ہوا، میں مزاحمت کرکے بڑی مشکل سے شدید زخمی حالت میں گھر سے بھاگنے میں کامیاب ہوئی۔ خاتون کے بچ نکلنے پر ملزم نے اس کے تین اور چار سالہ بچوں کو ذبح کردیا۔
خاتون کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال مری منتقل کیا گیا جہاں سے اسے راولپنڈی ریفر کردیا گیا۔ زخمی خاتون کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی گردن پر پیچھے سے وار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی ایس پی گلیات ،ایس ایچ او تھانہ ڈونگا گلی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی ایس پی جمیل الرحمن کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو کورڈن آف کر دیا گیا ، ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔