دلجیت دوسانجھ کے اگلے کنسرٹ کی ٹکٹس کی فروخت میں گھپلا سامنے آگیا، مداح نے قانونی نوٹس بھیج دیا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی وڈ اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کے نیو دہلی میں ہونے والے کنسرٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر خاتون مداح نے قانونی نوٹس بھیج دیا۔بھارتی میڈ یا رپورٹس کے مطابق دلجیت کا 26 اکتوبر کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کنسرٹ ہونا ہے جس کی ٹکٹس ایک منٹ میں ہی فروخت ہوگئیں۔ دلجیت کی خاتون مداح نے ٹکٹ نہ ملنے پر گلوکار کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔خاتون مداح نے قانونی نوٹس میں دلجیت اور شو انتظامیہ پر ٹکٹ بلیک کرنے اور صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کنسرٹ کی ٹکٹ آن لائن فروخت کیلئے 12 ستمبر کو دن ایک بجے کا وقت دیا گیا تھا لیکن شو منتظمین نے اسے 12 بج کر 59 منٹ پر کھول دیا اور ایک منٹ میں ہی ساری ٹکٹس فروخت ہوگئیں۔رپورٹس کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والی خاتون مداح دھیما نے جب ایک بجے سائٹ کھولی تو شو کی ساری ٹکٹیں فروخت ہوچکی تھیں اور ان کے اکاؤنٹ سے پیسے کاٹ لیے گئے تھے تاہم ایک منٹ پہلے ہی ٹکٹس ختم ہونے کا کہہ کر پیسے واپس کردیے گئے۔