میاں چنوں میں 2باراتیں دلہن کے بغیر واپس چلی گئیں
میاں چنوں(مانیٹرنگ ڈیسک) میاں چنوں میں 2 باراتیں دلہن کے بغیر واپس چلی گئیں۔
نجی ٹی وی چینل "اے آر وائی" کے مطابق پہلی بارات بوریوالہ سے آئی تھی۔ دولہا اور دلہن کے گھر والوں کا حق مہر کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جو اس قدر بڑھا کہ بارات دلہن کے بغیر واپس چلی گئی۔دوسری بارات غازی آباد سے آئی تھی، جس میں دولہا دلہن کا نکاح بھی ہو گیا تاہم جھگڑے کے بعد دولہا نے دلہن کو طلاق دے دی اور بارات واپس چلی گئی۔
دلہن کے والد عباس نے بتایا کہ ’’ہمیں لڑکا کوئی اور دکھایا گیا تھا لیکن بارات میں دولہا کوئی اور تھا، جس پر جھگڑا ہو گیا۔‘‘ رپورٹ کے مطابق دونوں خاندانوں میں نوبت لڑائی تک پہنچ گئی تاہم میاں چنوں پولیس نے مداخلت کرکے بیچ بچاؤ کرایا اور بارات دلہن کے بغیر واپس چلی گئی۔
واضح رہے کہ دونوں دلہنیں آپس میں بہنیں تھیں اور دونوں باراتیں ایک ہی گھر سے خالی ہاتھ واپس لوٹیں۔