اشیائے ضرورت کی مہنگائی، فوری روکی جائے
ملک میں عام انتخابات، آج سے عرصہ تین یا چار ماہ کے بعد اکتوبر یا نومبر میں منعقد ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چند ہفتے قبل صوبہ پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں وزرائے اعلیٰ کی قیادت میں نگران حکومتیں کام کر رہی ہیں۔ ان کی ذمہ داری اگرچہ کوئی بڑے اہم امور انجام دینے کی نہیں ہے کیونکہ ان کی کارکردگی پر زیادہ توجہ اور سوچ بچار کی ضرورت درکار ہوتی ہے اس لئے مشکل انداز کے منصوبے تشکیل دینے اور ان پر عمل درآمد کے لئے، ان کوکاوشیں بروئے کارلانے سے اجتناب کرنا ہی بہتر ہے۔ لیکن روز مرہ استعمال کی اشیائے ضرورت کی قیمتوں کی مسلسل گرانی، قلت اور مہنگائی پر قابو پانا، کس حکمران یا حاکم کی ذمہ داری ہے؟ آٹا، چینی، دالیں اور سبزیاں تو عام غریب لوگوں کی بنیادی خوراک کے زمرے میں آتی ہیں۔ (ان ضروریات کی، ایک دو ہفتوں کے بعد) قیمتوں میں اضافہ کیوں ہوتا رہتا ہے؟ آٹا تو ہمارے اپنے ملک میں گندم کی اچھی فصل کی پیدوار موجود ہے اس کی فراہمی مختصر وقفوں کے ساتھ، مہنگی کیوں ہوتی رہتی ہے؟ جبکہ پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں نگران حکومتوں میں وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ افسران کئی سال کی ملازمت کا تجربہ رکھتے ہیں۔ پنجاب کے نگران وزیر اعلی محسن رضا نقوی اچھے خاصے تعلیم یافتہ اور یہاں کے تاجر حضرات سے خوشگوار اور اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔ گندم اور آٹا کی دستیابی نقل و حمل اور فراہمی کے متعلق امور سے انہیں خاصی آگاہی اور شناسائی بھی حاصل ہے تو پھر آٹے کی قیمتیں روز بروز کیوں بڑھتی رہتی ہیں۔
متعلقہ سرکاری حکام کو بھی اس حقیقت کا بخوبی علم ہے کہ اس بنیادی خوراک کی تیاری اور فراہمی میں بھی دیانتدار حضرات کے علاوہ کالی بھیڑیں بھی موجود ہوں گی جو کاروبار کو اپنے مذموم مقاصد اور مفاد کے حصول کی خاطر، حکومت وقت کی مثبت پالیسوں اور بہتر کاوشوں کو ناکام بنانے میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتیں۔ حکومتی ذمہ داران وزراء اور متعلقہ افسران کو اس سماج دشمن رجحان پر ہر وقت کڑی نظر رکھ کر عوام کی مشکلات میں مسلسل مہنگائی کے ذریعے اضافہ پر قابو پانے کی ہر عملی کوشش اور تگ و دو کرنا ہوگی یادر ہے کہ آئندہ چند ماہ بعد ملکی قیادت کے انتخاب کے لئے الیکشن ہونا قرار پائے ہیں تو اس امر پر بھی توجہ دے کر انہیں اپنے ووٹر حضرات و خواتین کی مہنگائی کے بارے میں تکلیف، پریشانی اور چیخ و پکار کو کم کرنے کے بارے میں فوری طور پر حق رسی کرنا آخر کس اتھارٹی کی ذمہ داری ہے؟یاد رہے کہ وطن عزیز میں عوام کی اکثریت غریب اور پسماندہ افراد پر مشتمل ہے اس لئے انتخابات مجوزہ کے انعقاد تک عوام کو اشیائے ضرورت کم قیمتوں پر فراہم کرنے کی ذمہ داری متعلقہ سیاست کاروں اور افسران کو پوری توجہ اور محنت سے سر انجام دینا چاہئے۔