تخریبی سیاست غیر قانونی، تباہ کن

 تخریبی سیاست غیر قانونی، تباہ کن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملکی سیاست میں آئین و قانون پر عمل  انتخابی امیدواروں اور ووٹرز حضرات و خواتین کی اہم ذمہ داری ہے،  اس سے پہلو بچانے اور اجتناب کرنے سے حالات پر امن اور ساز گار نہیں رہتے،  بد امنی اور من مانی کے امور کو ترجیح دینے سے خوشگوار ماحول عنقا ہو جاتا ہے۔ کسی ایک یا زیادہ سیاسی جماعتوں یا مختلف افراد کے آئین سے ماورا کارروائیوں سے تعمیری کارکردگی کے متوقع نتائج کا حصول نا ممکن ہو جاتا ہے۔ وطن عزیز کے قیام سے تا حال 75 سال کے طویل عرصے کے دوران یہاں سیاسی سرگرمیوں میں زیادہ تر دھونس، دھمکیوں اور جارحانہ کارروائیوں سے حریف امیدواروں اور نمائندوں کے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انداز حقوق و مفادات کو نظر انداز کر کے ان بنیادی حقوق کے حصول سے کمال لاپرواہی اور بے اعتنائی ہے۔ 75 سال کا  عرصہ کسی طرح کم اور محدود نوعیت کا نہیں ہے جبکہ اس سے بہت کم مدت کے دوران ایشیاء اور دیگر خطہ ہائے ارض کے کروڑوں لوگوں نے قانون پسندی کے اصولوں کے احترام اور ضابطہ اخلاق کی شرائط و ہدایات پر عمل کر کے ترقی کی اور عوام کی زندگیوں میں سہولتوں اور آسائشوں کی فراہمی  یقینی بنائی،  مقامی سطح پر کم وسائل کے باوجود حیران کن انداز کی ترقی کی۔ جاپان، چین، جنوبی کوریا، ملائشیا، سنگا پور، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال  بظاہر محدود وسائل کے ملک ابھی اپنے اہم اقدامات کی بنا پر دیگر ترقی پذیر ممالک کے شانہ بشانہ نظر آتے ہیں۔


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی   گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور پر تشدد کاروائیاں،  سے پولیس گاڑیاں جلانے، سرکاری املاک اور دفاتر کو تباہ کرنے اور عام لوگوں کی قیمتی گاڑیوں کو نقصان سے دو چار کرنے کی دیدہ دلیری جیسی منفی حرکات مہذب معاشرے کے لئے بہت افسوسناک ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ پاک آرمی کی املاک اور عمارات اور تنصیبات پر بے رحمی سے حملے کرائے گئے جن سے وہاں لاکھوں اور کروڑوں روپے کی مالیت کا نقصان کیا گیا۔ حالانکہ یہ ادارہ ملک کے شہری دفاع اور تحفظ پر مامور ہے اور اس کے افسر اور جوان شب و روز ملکی سرزمین اور اس کے چپہ چپہ پر واقع املاک اور دفاعی تنصیبات کی حفاظت کے لئے اپنی قربانیاں، بے پناہ جرات و ہمت اور زندگی کو جوکھوں اور خطرات میں ڈال کر ہر وقت  نا قابل فراموش مثالیں پیش کرتے رہتے ہیں۔ ان جوان ہمت اور ہبادر صفت وطن کے سپوتوں کے ہر وقت سینہ سپر رہنے کے جاندار کردار کی بدولت ہی ملک کی آزادی اور خود مختاری کا شاندار وقار و مقام اور ملک بھر کے نظم و نسق کو  پوری دنیا اور اندرونی خطرات سے محفوظ بناتا ہے۔ ایسی تخریبی سیاست کاری سے متعلقہ سیاسی جماعت اور اس کے سرکردہ رہنماؤں کی منفی سوچ و فکر اور غلط کاری پر مبنی حکمت عملی عیاں ہوتی ہے وطن عزیز کو ایسے غیر قانونی رجحانات اور انتشار و فساد پیدا کرنے والے حالات سے پہلے ہی ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے۔ یہ انتقامی وتیرہ  اور مجرمانہ رویہ ہمارے ملک کی شہرت اور ساکھ کو کافی حد تک خراب و برباد کر رہا ہے یہاں سیاست میں حصہ لینے والے رہنماؤں اور امیدواروں کو خود بھی حریف نمائندوں کے خلاف بد تمیزی، بدزبانی اور بے بنیاد الزام تراشی کا جارحانہ، ظالمانہ اور جاہلانہ انداز فوری طور پر ترک کر کے اس قومی خدمت کے شعبہ میں شائستہ اور مہذب اقدار و اطوار کو روائج دینے کی اشد ضرورت ہے۔ 

مزید :

رائے -کالم -