آئینی ترمیم کی ضرورت  ؟

 آئینی ترمیم کی ضرورت  ؟
 آئینی ترمیم کی ضرورت  ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاکستان معرض وجود میں آیا تو ہم نے برطانوی حکومت کا بنایا گیا 1935 کا آئین ہند 14 اگست 1947کے روز پاکستان میں نافذ کرلیا اور ساتھ ہی ایک حکم نامہ جاری کردیا کہ برطانوی حکومت کے تمام قوانین پاکستان کے قوانین ہونگے اور اسی کے تحت  جارج ششم 1952 تک اور بعدازاں ملکہ برطانیہ 1956 تک پاکستان کی آئینی سربراہ رہیں۔ بالآخر ہم نے 1956 میں اپنا آئین بنا لیا۔ اپنا پہلا آئین بنانے کے بعد ہم اس قدر تھک گئے کہ قوانین کو چھیڑ ہی نہ سکے۔1956 کے آئین کے آرٹیکل 268 کے ذیل میں لکھ دیا کہ برطانوی دور کے تمام قوانین پاکستان میں نافذالعمل رہیں گے۔ برطانیہ نے 1857 کی جنگ آزادی کی ناکامی کے غصے میں جو قوانین بنائے تھے ہم نے انہیں آزادی کے بعد بھی سینے سے لگالیا اور آزاد ہونے کے باوجود نوآبادیاتی دور کی ذہنی غلامی سے نکل کر آزادانہ قانون سازی نہ کرسکے۔
1962 میں ایوب خان کو ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا خیال آیا تو پھر سے ایک عدد آئین بنادیا گیا لیکن اس کے آرٹیکل 268 کے ذیل میں پھر سے وہی تحریر کردیا گیا کہ برطانوی دور کے تمام قوانین ہمارے سروں کے تاج رہیں گے۔ 1973 میں ملک کا موجودہ آئین بنایا گیا تو اس میں بھی بدقسمتی سے آرٹیکل 268 کے ذیل میں یہی درج کیا گیا کہ پاکستان میں برطانوی دور کے تمام قوانین نافذالعمل رہیں گے تاوقتیکہ بدل دیے جائیں۔
آج پاکستان کو بنے 77 برس بیت چکے لیکن مجال ہے کہ ہم نے نوآبادیاتی نظام کے اس قانونی ڈھانچے کو سر سے اتار پھینکنے کی کوئی سنجیدہ کوشش کی ہو۔ پوری دنیا میں قانون ساز ادارے بدلتے وقت کے ساتھ اپنے ملک کے قوانین کو وزٹ کرتے رہتے ہیں اور جدید وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھالتے رہتے ہیں لیکن ہمارے ہاں اسمبلی کے ایک اجلاس پر یومیہ 7 کروڑ سے زائد خرچ ہونے کے باوجود بھی ہم پونے دو سو سال پرانے فرسودہ  قوانین سے چھٹکارہ حاصل نہیں کرپائے۔ہمارے ہاں آج بھی سسٹم انہی قوانین پر کھڑا ہے۔ اس کی بنیاد اور اساس وہی گلا سڑا پرانا نظام ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمارا سسٹم چلنا تو درکنار رینگنے سے بھی گریزاں ہے۔ ہمارا بیوروکریسی کے کام کرنے کا ضابطہ ہو یا1860 میں بننے والا پولیس ایکٹ، سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ 1860 ہو یا 1861 کا فوجداری ایکٹ،مجموعہ فوجداری ایکٹ 1898 ہو یا لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894،پارٹنرشپ ایکٹ 1894 ہو یا پٹرولیم ایکٹ 1934،صنعتی شماریاتی ایکٹ 1942 ہو یا پنجاب بوائلر رولز ایکٹ 1926،فرم رجسٹریشن رولز 1932 ہو یا قانون میعاد سماعت ایکٹ 1908،قانون معاہدہ ایکٹ 1876 ہو یا مخصوص دادرسی ایکٹ 1877 یہ سب برطانوی دور کے فرسودہ ترین قوانین ہیں جنہیں آج ہم نئی قانون سازی کے ذریعے موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق بدل نہیں سکے۔
جائیداد کی منتقلی اس ملک میں انتہائی پیچیدہ اور فرسودہ کام ہے۔جس کے لیے نسلیں تباہ ہوجاتی ہیں۔ اکثر اوقات دادا کیس کرتا ہے اور پوتا بڑی مشکل اوراگر خوش قسمت ہو تو اس کا فیصلہ سنتا ہے۔ ایک کیس کا فیصلہ ہونے کے لیے کئی دھائیاں گزر جاتی ہیں ۔ ایک کیس خاندان کے کئی افراد کی ساری زندگی کی کمائی لے جاتا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ دن رات جدت، ترقی،انقلاب، آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی غزلیں سننے والے اس دور میں ہمارا نظام جائیداد کی منتقلی کس قانون کے تحت کررہا ہے؟
ہمارا انتقال جائیداد کے لئے نافذالعمل قانون 1882 میں انگریز دور کا بنا ہوا قانون ہے۔

ہمارے پاس عدالتوں کو چلانے کے لیے جو قوانین میسر ہیں وہ 1940 اور 1960 کے بنے ہوئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج ہمارا عدالتی نظام اس قدر فرسودہ ہوچکا ہے کہ یہاں سے انصاف لینا آگ کے کنویں میں چھلانگ لگانے کے مترادف ہے۔ 80 فیصد سے زائد لوگ ہماری عدالتوں میں الجھے ہوئے ہیں اور ریاست کے پاس بھی کسی کو پھنسانے کا آسان ترین حل عدالتی چنگل میں پھنسانا ہے۔ ہماری یہ عادت بھی ہمیں برطانوی دور سے ورثے میں ملی ہوئی ہے۔
آج نچلی عدالت سے کیس کو سپریم کورٹ تک پہنچنے میں کم از کم 20 سال کا عرصہ لگ جاتا ہے۔اس دوران کئی لوگ مرجاتے ہیں اور کئی نئے پیدا ہوجاتے ہیں۔بسا اوقات لوگ جیلوں میں پڑے پڑے مرجاتے ہیں اور انکی موت کے کئی سال بعد جاکر سپریم کورٹ میں انکی اپیل لگتی ہے۔ 
آئین پاکستان میں بڑا واضح ہے کہ پاکستانی عدالتیں مکمل آزاد ہونگی۔ ہر شہری کو سستا اور آسان انصاف میسر ہوگا۔
سوال یہ ہے کی کیا آج تک کسی کو اس ملک میں آسان اور سستا انصاف میسر ہوسکا ہے؟
آج 51 برس گزرنے کے بعد بھی ہم اپنی قوم کو سستا اور آسان انصاف دینے سے عاری ہیں جبکہ آئین کے بنیادی حکم پر عمل پیرا ہونے سے بھی گریزاں۔

آج بھی 24 لاکھ سے زائد کیسز عدالتوں میں التواء کا شکار ہیں۔روزانہ 70 ہزار نئے کیسز رجسٹرڈ ہورہے ہیں۔ لاکھوں کیسز کو سننے کے لیے ہمارے پاس صرف 4000 ججز موجود ہیں۔دنیا بھر میں ہر 10 لاکھ افراد کو 90 ججز میسر ہوتے ہیں جو انکے مابین فیصلے کرتے ہیں اور انصاف قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں 10 لاکھ لوگوں کے لیے محض 13 جج میسر ہیں۔ دنیا نے ADR سسٹم کے نام پر اپنے ہاں مصالحتی نظام کو اتنا مضبوط کرلیا ہے کہ انکے 90 فیصد کیسز عدالتوں میں جانے سے پہلے ہیں حل ہوجاتے ہیں جبکہ ہم نے اپنے اچھے خاصے پنچایت اور جرگہ سسٹم کو صرف اس احساس کمتری میں تباہ کردیا ہے کہ اس کا نوآبادیاتی دور سے کوئی تعلق نہیں۔
آج بھی ہماری ترجیح اپنے اقتدار کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے آئین میں ترمیم تو ہے لیکن پونے دو سو سالہ پرانے درجنوں قوانین پر لگے زنگ کو اتارنے کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں ؟
کیونکہ اس کا تعلق عام آدمی کے مسائل سے ہے۔ یہ اقتدار دھینگا مشتی میں کسی کو عنوان اور نقطہ بحث ہی نہیں۔
یہ اہل اقتدار کی بے حسی اور غریب عوام کی بے بسی کی انتہا نہیں تو اور کیا ہے؟

آئینی عدالت کا قیام عمل میں لانے سے اس عدالتی نظام میں واقعی بہتری لائی جاسکتی ہے لیکن صرف اس صورت میں کہ اس کارخیر کے پیچھے کسی قسم کی کوئی سیاسی چال کارفرما نہ ہو۔۔۔۔
اس کے لیے کسی قسم کا کوئی وقتی فائدہ حاصل کرنا مقصود نہ ہو۔  اگر حکومت کی ایسی کوئی نیت نہیں تو انہیں اس کے لیے قاضی فائز عیسی کی ضد کو ترک کرکے ان کے بجائے تمام ایسے ججز کو لگانا چاہئے کہ جس پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہو۔پہلی بار بھی ملک کے کسی ایسے قانون دان کو چیف جسٹس بنانا چاہئے کہ جو تنازعات کے داغ سے پاک ہو۔ اس کی تقرری کا اختیار محض صدر اور وزیراعظم کو دینے کی بجائے تمام پارلیمانی پارٹیوں کے نمائندوں پر بنائی گئی کمیٹی کے سپرد کرنا چاہئے۔ان ججز بشمول چیف جسٹس کا  پہلے سے کوئی سیاسی تعلق واسطہ نہ ہو اور تمام سیاسی جماعتیں انہیں آئین و قانون کے معاملے میں آزاد اور غیر جانبدار سمجھتے ہوں۔ موجودہ حکومت کو چاہئے کہ وہ یہ باور کروائے کہ اس ترمیم کو لانے کا مقصد پہلے سے دائر کسی بھی کیس پر اثرانداز ہونا یا نئے کسی کیس سے فائدہ حاصل کرنا نہیں۔
اپوزیشن کو بھی سمجھنا ہوگا کہ قانون ساز ادارے کا کام ملک کو درپیش حقیقی مسائل کا ادراک کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ ملک کی بہتری اور عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے انہیں سنجیدگی سے اس بحث کا حصہ بننا چاہئے۔ تمام جماعتوں کو اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر عوام کے درد کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ اگر آپ کی انائیں اور نفرتیں آپکو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتیں تو آپ کو مستعفی ہوکر حلقے کی نمائندگی کسی اور کے سپرد کردینی چاہئے کیونکہ  یہ عوام کے ساتھ ظلم اور دھوکا ہے کہ آپ اس کے دیے گئے ٹیکس سے تنخواہ و مراعات تو قانون سازی کی ڈیوٹی ادا کرنے کی لیں جبکہ اپنی ڈیوٹی کرتے وقت آپ اس کا حق ادا ہی نا کرپائیں۔

۔

نوٹ: یہ مصنف کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

 ۔

 اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔
 

مزید :

بلاگ -