آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے، وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔عوامی جمہوریہ چین کے 75ویں یوم تاسیس پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے چینی قیادت اور عوام کو چین کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔
جیو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے، چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی روابط بڑھیں گے۔ سی پیک فیز 2 سے آئی ٹی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔انکا کہنا تھا کہ چین نے علاقائی اور عالمی امن کےلیے ہمیشہ احسن کردار ادا کیا۔ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دوسرے عالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔وزئراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کے وزیراعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ صدر شی جی پنگ نے چین کی سماجی اور معاشی ترقی پر مبنی ایک نئے سفر کی بنیاد رکھی ہے۔