اس لمحے کے بعد امریکہ کی تنزلی کا وقت ختم ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا بطور صدر پہلا خطاب، جنوبی بارڈر پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان

اس لمحے کے بعد امریکہ کی تنزلی کا وقت ختم ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا بطور صدر پہلا ...
اس لمحے کے بعد امریکہ کی تنزلی کا وقت ختم ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا بطور صدر پہلا خطاب، جنوبی بارڈر پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے  تنزلی کا دور ختم ہوگیا اور امریکہ کی گولڈن ایج کا آغاز ہونے جا رہا ہے، آج کے بعد پوری دنیا میں امریکہ کی عزت کی جائے گی، کوئی ہمیں ہلکا نہیں لے گا، ہم اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے صدارتی خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی ویپنائزیشن ختم ہوگی۔ ہمارے پاس ایک ایسی حکومت تھی جو ملک میں ہونے والے ایک بحران پر قابو نہیں پاسکی لیکن ان کے پاس دنیا بھر کے معاملات میں مداخلت کا بہت وقت تھا۔ لاس اینجلس کی آگ نے بہت سے طاقتور اور امیر لوگوں کے گھروں کو بھی جلا کر رکھ دیا، ان میں سے بہت سے لوگ یہاں بیٹھے ہوئے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے پاس اپنے گھر نہیں ہیں۔یہ سب تبدیل ہونے جا رہا ہے اور اس تبدیلی کا آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں میں انہوں نے انتہائی کٹھن حالات کا سامنا کیا ، انہیں جن حالات کا سامنا رہا وہ ڈھائی سو سالہ تاریخ میں کسی امریکی صدر نے نہیں دیکھے۔ ان پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا لیکن خدا نے ان کی جان اس لیے بچائی تاکہ وہ دوبارہ امریکہ کو عظیم بنا سکیں۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے ساتھ جنوبی سرحد پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخلے کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا، جرائم پیشہ لاکھوں ایلینز کو واپس ان کے ملکوں میں بھیجا جائے گا، وہ جنوبی سرحد پر مزید فوج بھیج رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن نے بہت بڑے دھوکے کو ریورس کیا ہے، اب سے امریکہ کی تنزلی کا وقت ختم ہوگیا، ہماری ایڈمنسٹریشن میں ہم عزت اور طاقت کے ساتھ ہر بحران کا مقابلہ کریں گے، تمام مذاہب، نسلوں اور رنگوں کے لوگوں کے حقوق کیلئے کام کریں گے، 20 جنوری 2025 آزادی کا دن ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ آج وہ بہت سے ایگزیکٹو آرڈرز جاری کریں گے جن کے ذریعے امریکہ میں کامن سینس کا دور دورہ ہوگا۔  وہ وفاقی اور ریاستی حکومتوں کو حکم دیں گے  وہ غیر ملکی گینگز کا مکمل طور پر خاتمہ کریں اور اس کیلئے بھرپور طاقت کا استعمال کریں۔ وہ اپنی کابینہ کو حکم دیں گے کہ افراط زر ختم کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کریں۔ آج سے تمام سینسر شپ ختم کرکے آزادی اظہار رائے کو واپس امریکہ میں لایا جائے گا۔

انہوں نے ٹرانس جینڈر موومنٹ ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آج کے بعد امریکہ میں صرف دو جینڈر " میل اور فی میل" ہوں گے۔