ڈونلڈ ٹرمپ کا حلف اٹھاتے ہی پانامہ کینال واپس لینے کا اعلان
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈونلڈ جے ٹرمپ نے امریکہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھاتے ہی پانامہ کینال واپس لینے کا اعلان کردیا۔
بطور صدر اپنے پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پانامہ کینال کی تعمیر میں ہم نے 38 ہزار جانیں گنوائیں، یہ سب سے مہنگا منصوبہ تھا لیکن ایک احمقانہ فیصلے کے ذریعے اسے پانامہ کے حوالے کردیا گیا۔ بدلے میں ہم نے اس ملک سے عزت کی توقع کی لیکن یہ ہماری عزت نہیں کر رہا ، ہمارے جہاز یہاں سے گزرنے کیلئے بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، یہاں تک کہ امریکی بحریہ کے ساتھ بھی پانامہ کا رویہ اچھا نہیں ہے۔ ہم نے یہ نہر پانامہ کو دی تھی چائنہ کو نہیں، لیکن چین اسے آپریٹ کر رہا ہے، اس لیے میں پانامہ کینال کو واپس لینے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے گلف آف میکسیکو کا بھی نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے اس خلیج کا نام گلف آف امریکہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی کی جنگوں میں نہیں پڑیں گے، بلکہ وہ ایک پیس میکر کا کردار ادا کریں گے، ان کے حلف اٹھانے سے ایک روز پہلے مشرق وسطیٰ میں ہوسٹیجز کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کو ایک عظیم قوم بنائیں گے، امریکہ سب سے بڑی ملٹری پاور بنے گا، یہ ایک بار پھر مینوفیکچرنگ نیشن بنے گی۔