ملک میں سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا،خادم حسین
لاہور(جنرل رپورٹر ) فاؤنڈرز گروپ کے سرگرم رکن پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا اور بیرونی سرمایہ کاری سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک معاشی بحران سے عہدہ برآں ہوگاانہوں نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی اس رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت اٹھارہ ماہ برقرار رہے گی،مستقبل میں ہونے والے مظاہرے معاشی سرگرمیاں متاثر کرینگے۔حکومت ختم ہوئی توٹیکنوکریٹس کی حکومت قائم ہوگی۔خادم حسین نے فچ کی رپورٹ کو خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ کے بعد حکومت کی پاکستان میں دوست ممالک کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی کوششوں کونقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور روڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور کمزور معیشت کے باعث آج عالمی ادارے پاکستان کے حوالے سے مرضی کے بیانات دے رہے ہیں جس کا حکومت کو سختی سے نوٹس لینا ہوگا۔
۔بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پیشگوئی سے نہ صرف بیرونی سرمایہ کار بلکہ مقامی سرمایہ کار بھی محتاط ہوجائیں گے جس سے معیشت کی بحالی اور حکومت کی بیرونی سرمایہ کاری کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔اور اگر سیاسی جماعتیں معاشی استحکام کے لیے ایک پیج پر جمع نہ ہوئی توسوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ادائیگیوں کا ہماری معیشت پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔آنے والے دنوں میں احتجاجی مظاہروں کا ماحول معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔