قصور،مٹرکی بہتر پیداوار کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت
قصور (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ مٹرکی بہتر پیداوار کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچانا ضروری ہے لہذاوہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف اورمحکمہ زراعت کے ماہرین کے مشوروں پر عملدرآمد کریں تاکہ بعدازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنانہ کرناپڑے۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع) قصورمحمد اکرم طاہر نے ''اے پی پی'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کورے اور دھند سے متاثرہ مٹرکی فصل پر تین سے چارکلو گرام یوریا 100لیٹر پانی میں،لاکر اس کا سپرے کرناچاہئیے۔
سردموسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھاکر 15روزکرنے کے مفید نتائج برآمد حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خالص بیج کے حصول کے لئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کی جائے اور جو پودے مطلوبہ قسم کے معیار پر پورے نہ اتریں انہیں نکال دیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مٹرکی فصل میں پھول آنے پر فی ایکڑ نصف بوری یوریا کھادڈالیں نیز درجہ حرارت کم ہونے پر مٹرکی اگیتی فصل پر چونکہ اکھیڑاکی بیماری کے حملہ آورہونے اور پودے کے جڑ سے سوکھنے کا خدشہ ہوتاہے لہذا اس بیماری سے بچاؤ کے لئے بھی محکمہ زراعت (توسیع)وپیسٹ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے سپرے یقینی بنایاجائے۔\378