ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کا ٹارگٹ مقرر، سپیشلسٹ کی ٹریننگ کا پلان بھی طلب
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی مریم نواز نے ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کا ٹارگٹ مقررکردیا - محکمہ صحت کارڈیالوجی، نیورو، پیڈز اور دیگر ضروری سپیشلسٹ کی ٹریننگ کا پلان طلب کرلیا-مریضوں کی ضروریات کے مطابق ڈاکٹرز کی سپیشلائزیشن پر فوکس کرنے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا- ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے خصوصی پیکیج کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔دور دراز ہسپتالو ں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ضرورت پوری کرنے پر زور دیاگیا۔اضلاع میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لیے فوری درکار طبی آلات کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 5مراحل میں کیتھ لیب فراہم کرنے کا جائزہ لیا۔ لاہور کے پی آئی سی، گنگارام، میوہسپتال، خواجہ صفدر میموریل ہسپتال سیالکوٹ اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ وزیر آبادمیں مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ساہیوال،فیصل آباد او رملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب بنیں گی۔ بہاولپور او رراولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ملتان نشتر ہسپتال میں کیتھ لیب بنائی جائیں گی۔گوجرانوالہ ہسپتال اور نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب قائم ہوں گی۔
وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،جس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں کیتھ لیبز کی فراہمی کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے یونیورسل ہیلتھ پروگرام میں بہتری لانے کے لیے تجاویز طلب کرلیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی،ایم پی اے ثانیہ عاشق، ڈاکٹر عدنان خان، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری صحت، پرنسپل سیکرٹری او ردیگر حکام بھی موجود تھے۔