طلبہ کو 90روز میں لیپ ٹاپ دینے کا ہدف مقرر
لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کو 90دن میں لیپ ٹاپ دینے کاہدف مقرر کیاہے۔ پنجاب کے طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون،13جنریشن لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے 2ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ہے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو میرٹ پر وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی دیاجائے گا۔ یونیورسٹیوں کے 20ہزار،کالجز کے 14ہزار، ٹیکنیکل و ایگریکلچر کے 4ہزار، میڈیکل اورڈینٹل کالجز کے 2ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں 32فیصد جنوبی پنجاب کے طلبہ شامل ہوں گے۔ طلبہ کو وزیراعلی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 30دن میں 5ہزار اور 20فروری تک 35ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، بزنس، لینگوئج، ویٹرنری اور ایگریکلچر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں 30ہزار سرکاری اور 10 ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سکالرشپ بھی دئیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 18ہزار طالبات کو وظائف ملیں گے۔ چار سے پانچ سال تک طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ہونہار سکالر شپ کے تحت ادا کی جائے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہونہار سکالر شپ کیلئے 68329 درخواستیں موصول ہوئیں اور 34290 درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔ پنجاب کے پبلک سیکٹریونیورسٹیز میں ہدف سے زائد 15.5 فیصد اضافی انرولمنٹ کی گئی ہے۔ 18پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تعیناتی، 6 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کی تعیناتی کا پروسیس جاری ہے اورایک یونیورسٹی کی آسامی کی دوبارہ تشہیر کی جائے گی۔ مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائرایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام مکمل کر لیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب کے سرکاری کالجز میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنزکی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈاکٹرفرخ نوید نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ کالج ٹیچر انٹرنز کو8 ماہ کے لئے 50ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔ کالج ٹیچر انٹرنز 31مارچ تک سرکاری کالجز میں اکیڈمیک سیشن مکمل ہونے تک تدریسی خدمات سرانجام دیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے شفافیت کے ساتھ میرٹ پر انٹرنز بھرتی کرنے پرہائرایجوکیشن ٹیم کو شاباش دی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کالجز کے962 اساتذہ کی ٹرانسفرپوسٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ مریم نوازشریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں رہنے والے بھائیوں کی مانند ہیں۔ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور معاونت کریں گے۔ صوبائی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ مریم نواز کاکہنا ہے کہ ریاست ماں جیسی ہے اور بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عالمی یوم اطفال پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچے اللہ تعالی کا خاص تحفہ ہیں، انکی کی مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت چیز دنیا میں کوئی نہیں، معصوم بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے تعلیم، صحت اور تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کو سٹینڈرڈ گروتھ اور غذائی قلت سے بچانے کیلئے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے، ارلی چائلڈہوڈ سکول سسٹم سے بچوں کے ذہنی و فکری نشوونما کی جائے گی، بچوں کے تحفظ کیلئے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کا آغاز کیا ہے۔
مریم نواز