ریلوے کے وژن کی تکمیل کیلئے خدمات کو موثر بنانے کی ضرورت: حنیف عباسی
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے وژن کی تکمیل کے لئے اداروں کی استعداد کار کو بڑھانا اور خدمات کو موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔تفصیل کے مطابق وزارت ریلوے میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹنسی سروسز (پریکس) اور جنرل منیجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشیٹوز(جی ایم ڈبلیو ایس آئی) کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دونوں اداروں کی موجودہ خدمات، ترقیاتی اہداف اور مستقبل کے منصوبوں پر اہم گفتگو کی گئی۔ وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں پاکستان ریلوے کے 18 ہسپتال اور 44 ڈسپنسریاں ادارے کے موجودہ و سابقہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور سستے علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ صرف گزشتہ سال کے دوران ان ہسپتالوں سے 240,194 آٹ ڈور مریض مستفید ہو چکے ہیں۔ان اداروں میں لیب ٹیسٹ، ایکسرے، الٹراساونڈ اور دیگر بنیادی طبی سہولیات بھی دستیاب ہیں، جو صحت کے شعبے میں ریلوے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔وزیر ریلوے نے ہسپتالوں کی گنجائش کو مزید بڑھانے، جدید سہولیات فراہم کرنے اور موجودہ عمارتوں کو جدید طرز پر ازسرنو تزئین و آرائش کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ملازمین کو مزید موثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس ضمن میں انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکان پر بھی غور کرنے کی ہدایت دی، تاکہ جدید طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے انتظامی امور کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس میں پریکس کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پریکس کی مشاورتی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ادارے کو اخراجات میں کمی، شفافیت اور واضح، قابلِ پیمائش اہداف کے تحت کام کرنا ہوگا تاکہ اس کے نتائج مزید نمایاں اور مثر ہوں۔ انہوں نے پریکس اور جی ایم ڈبلیو ایس آئی دونوں اداروں پر زور دیا کہ وہ آنے والے دنوں میں واضح کارکردگی اور نتائج کے ساتھ سامنے آئیں۔اجلاس میں چیئرمین ریلوے، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
حنیف عباسی