ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلیے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے : سپیکر قومی اسمبلی

ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلیے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے ...
 ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلیے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے : سپیکر قومی اسمبلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے ،پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں اور طویل جدوجہد کا ثمر ہے، جسے ہمیں دل و جان سے سنبھالنا اور اس کی ترقی و استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پرجاری پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بانیانِ پاکستان اور اسلاف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں اور طویل جدوجہد کا ثمر ہے، جسے ہمیں دل و جان سے سنبھالنا اور اس کی ترقی و استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔مملکتِ خداداد پاکستان ایک عظیم نعمتِ کبریٰ ہے، جس کی قدر کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔

"اے پی پی" کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج ہمارے ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن پر قابو پانے کے لیے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیٰحدہ وطن کے قیام کا عزم کیا تھا اور یہی دن ہمیں اسلاف کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے، جب ہمیں ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کا عہد کرنا چاہیے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج پاکستان کو دہشتگردی جیسے ناسور کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور اتفاق رائے ضروری ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان بہادر جوانوں کے عزم اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔سردار ایاز صادق نے اس موقع پر سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی ترقی کے لیے یکجا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ سے پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنایا جا سکتا ہے۔ ہمیں آزادی کی نعمت کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ جمہوریت اور جمہوری روایات کو فروغ دے کر ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، اور پارلیمان ان روایات کے استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ سیاسی اختلاف رائے کو نفرت اور تعصب میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہوگا۔