اے این پی کا بھی مبینہ انتخابی دھاندلی کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ
چارسدہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے بھی مبینہ انتخابی دھاندلی کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
اے این پی رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ایک منظم طریقے سے دھاندلی کرکے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے،رات 12 بجے تک پرویز خٹک نوشہرہ کے تمام نشستوں پر جیت رہے تھے،اس کے بعد نتائج تبدیل کردیےگئے،اے این پی کو آؤٹ کرنے کیلئے اسٹیبشلمنٹ کے چہیتے پرویز خٹک کو بھی ہرا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے استدعاہے کہ منظم دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیں،ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا مگر ہماری سیاست کوئی چوری نہیں کر سکتا ،پھانسی قبول ہے مگر حق اور سچ سے کوئی نہیں روک سکتا،پختونوں کے حقوق اور صوبائی خود مختاری کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے ،ہم پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کئے گئے مگر خدا کی زمین ہمارے لئے کھلی ہے، جمہوریت اور آئین کی پاسداری کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہیں۔