لاڑکانہ میں چوروں نے موبائل فون ٹاور ہی غائب کردیا
لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے شہر لاڑکانہ میں چور پورا موبائل ٹاور ہی لے اڑے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اپنی نوعیت کی یہ منفرد چوری کی واردات نوڈیرو کے مضافاتی گاﺅں بھون بھت پور میں ہوئی جہاں چور موبائل فون کمپنی کے پورے ٹاور کے علاوہ مرکزی گیٹ اور دیگر مشینری بھی چرا لے گئے۔
نجی موبائل فون کمپنی کی طرف سے اس ٹاور کی نگرانی کے لیے دو سکیورٹی گارڈز بھی تعینات کیے گئے تھے، اس کے باوجود چور پورے کا پورا ٹاور، مشینری اور مرکزی گیٹ تک اکھاڑ کر لے گئے۔ کمپنی کے جنرل منیجر ساجد اقبال کی مدعیت میں نوڈیرو پولیس سٹیشن میں چوری کی اس واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں سکیورٹی گارڈز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں تک پہنچنے اور مسروقہ ٹاور اور دیگر سامان برآمد کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔