شادی کی خواہش مند 65 سالہ خاتون کو 50 لاکھ کا چونا لگ گیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد کی 65 سالہ خاتون جو اپنی تنہائی دور کرنے کے لیے شادی کی خواہشمند تھیں، دھوکہ دہی کا شکار ہو گئیں، جس میں انہیں 50 لاکھ روپے سے محروم کر دیا گیا۔ نیوز 18 کے مطابق ایک شخص نے انہیں فکسڈ ڈپازٹس ختم کر کے رقم مشترکہ اکاؤنٹ میں منتقل کرنے پر آمادہ کیا اور پھر اس پیسے سے اپنی بیٹی کے لیے قیمتی زیورات خریدے، باقی رقم اپنی فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی اور فرار ہو گیا۔
نیوز 18 کے مطابق خاتون نے الزام لگایا کہ ان کی ملاقات ایک عمر رسیدہ شخص سے ایک میٹری مونیئل ویب سائٹ پر ہوئی۔ مختصر ملاقاتوں کے بعد انہوں نے شادی کر لی اور وہ شخص ان کے اپارٹمنٹ میں منتقل ہو گیا جہاں وہ 18 ماہ تک اکٹھے رہے۔ تاہم اس شخص نے کبھی بھی شادی کا اندراج نہیں کروایا۔ اس دوران اس شخص نے چالاکی سے خاتون کو بڑی رقم سے محروم کر دیا۔ جب خاتون نے شادی کے سرٹیفکیٹ کا مطالبہ کیا، تو وہ اچانک غائب ہو گیا۔ تنہا اور مایوس ہو کر خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔
خاتون 2003 سے طلاق یافتہ تھیں اور اپنی زندگی کو پیشہ ورانہ کامیابی کے لیے وقف کر چکی تھیں۔ وہ حیدرآباد میں ایک نجی کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھیں اور اچھی خاصی آمدنی کماتی تھیں، مگر ان کی زندگی میں ایک کمی محسوس ہوتی تھی۔ جب انہیں کسی ساتھی کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہوں نے ایک میٹری مونیئل ویب سائٹ پر اپنا پروفائل بنایا، جہاں ان کی ملاقات 68 سالہ شخص سے ہوئی۔ وقت کے ساتھ ان کا تعلق محبت میں بدل گیا اور پھر انہوں نے شادی کر لی، جس کے بعد وہ شخص ان کے گھر میں منتقل ہو گیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس شخص نے ایک جعلی شادی کا ڈرامہ رچایا۔ اس دوران اس نے خاتون کو فکسڈ ڈپازٹ توڑ کر ایک مشترکہ بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کروانے پر آمادہ کیا۔ بعد میں اس شخص نے 50 لاکھ روپے کی مالیت کے زیورات اپنی بیٹی کے لیے خریدے اور باقی رقم اپنی بیٹی اور داماد کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی۔
جب خاتون نے شادی کے سرٹیفکیٹ اور مالی لین دین پر سوال اٹھایا تو وہ شخص اچانک لاپتہ ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔