نااہلی، غفلت اور بدانتظامی پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کیخلاف ایکشن

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نااہلی، غفلت اور بدانتظامی پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کیخلاف ایکشن لے لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سیالکوٹ جیل کا سرپرائز وزٹ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے جیل میں ناقص انتظامات پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ بابر علی کو معطل کر دیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سپرنٹنڈنٹ جیل کو نااہلی، غفلت اور بدانتظامی کے باعث معطل کیا گیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل ساہیوال کاشف رسول کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ تعینات کردیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے جیل میں ملاقاتیوں سے مسائل جانے اور جیل ہسپتال، کچن، بچوں اور بڑوں کی بیرکس، سلائی سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس موقع پر ہدایت کی کہ آئی جی جیل خانہ جات حکومتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے خود جیلوں کے دورے کریں۔
سیکرٹری داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات سے تمام جیلوں میں انڈسٹری کی کارکردگی بارے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں 20 انڈسٹریز بنائی ہیں جہاں اسیران کو تربیت دی جارہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس جیل اسیران کو جیل انڈسٹری میں تکنیکی تربیت دیکر معاشرے کا مفید رکن بنائیں۔
سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے جیل فاؤنڈیشن کا اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔