سال کے 365 دن کیفے چلانے والی 100 برس کی خاتون ، 1958 سے کوئی چھٹی نہیں کی

سال کے 365 دن کیفے چلانے والی 100 برس کی خاتون ، 1958 سے کوئی چھٹی نہیں کی
سال کے 365 دن کیفے چلانے والی 100 برس کی خاتون ، 1958 سے کوئی چھٹی نہیں کی
سورس: PickPik

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

روم (ڈیلی پاکستان آن لائن) اٹلی کے خوبصورت گاؤں نیبیونو میں رہنے والی نانّا اناکی عمر اب 100 سال ہو چکی ہے، وہ  ملک کی سب سے معمر بارِسٹا کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ وہ روزانہ صبح  سات بجے اپنا کیفے ’بار چنترالے‘ کھولتی ہیں اور یہ سلسلہ 1958 سے بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔ چاہے اتوار ہو یا کوئی سرکاری تعطیل،  کیفے سال کے 365 دن کھلا رہتا ہے۔ 

نانّا انا جنہیں مقامی لوگ محبت سے ’نونا انا‘ کہتے ہیں، 1984 میں 60 سال کی عمر میں سرکاری طور پر ریٹائر ہو چکی ہیں، لیکن وہ آج بھی کیفے میں کام کرتی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا "میں کیوں رکوں؟ میرا بار میرے لیے کام سے کہیں بڑھ کر ہے، یہ میری زندگی ہے۔" انا کو پنشن کے طور پر ماہانہ 590 یورو ملتے ہیں لیکن وہ زیادہ کمائی کی پرواہ نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق "بس لوگوں کے درمیان ہونا ہی میرے لیے کافی ہے، تب ہی میں خود کو اچھا محسوس کرتی ہوں۔"

نانّا انا خود ہی کیفے کے زیادہ تر کام سرانجام دیتی ہیں، یہاں تک کہ لکڑی کاٹنے کا کام بھی خود انجام دیتی ہیں تاکہ چھوٹے چولہے کو جلایا جا سکے۔ ان کی آخری چھٹی 1950 کی دہائی میں پیرس میں گزاری گئی ایک آٹھ روزہ تعطیل تھی۔ وہ کہتی ہیں، "لوگ کرسمس پر بھی اپنی کافی پینا چاہتے ہیں۔"

وقت کے ساتھ لوگوں اور کیفے کلچر میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انا نے کہا "پہلے لوگ یہاں بیٹھتے، باتیں کرتے اور تاش کھیلتے تھے۔ آج کل سب اپنے موبائل فون میں گم رہتے ہیں۔" جب کیفے میں مصروفیت کم ہوتی ہے، تو نانّا انا بنائی کے کام میں لگ جاتی ہیں۔

نومبر 2024 میں نانّا انا نے اپنی 100ویں سالگرہ منائی جس کے موقع پر کیفے پر ایک تختی لگائی گئی جس پر لکھا ہے: 'La barista più longeva d’Italia' یعنی "اٹلی کی سب سے طویل العمر بارِسٹا۔"

مزید :

ڈیلی بائیٹس -