اشیائے ضرورت کی دستیابی اور امن و امان

          اشیائے ضرورت کی دستیابی اور امن و امان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  عام انتخابات  کے بعد اشیائے خورونوش و دیگر ضروریات کی غیر متوقع گرانی کو روکنے کے لئے متعلقہ اداروں کے افسروں کو ہمہ وقت چوکس اور مستعد رہنا ہوگا۔ آج کل ملکی اور صوبائی انتظامیہ کے متعدد افسر اور معاونت کرنے والے دیگر  ملازمین مجوزہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے انتظامات کی تیاریوں میں مصروف  تھے اور  ہیں۔ اس لئے ان کی اس اہم قومی ذمہ داری کے فرائض کی انجام دہی کے دوران سماج مخالف دشمن افراد  اشیائے ضرورت کی مہنگائی اور بعض علاقوں میں ان کی قلت یا کمیابی کے حالات پیدا کر کے متعلقہ لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، ایسی صورت حال کا سبب بننے میں منفی سوچ و فکر کے حامل عناصر اپنی چالبازیوں سے مختلف اوقات اور مواقع پر اپنے یا گرد و نواح کے علاقوں میں کسی ضروری جنس یا چیز کی دستیابی کو ذخیرہ اندوزی یا سمگلنگ کی وجہ سے مارکیٹ سے اچانک غائب کر دیتے ہیں۔ وہ ان اشیائے ضرورت کو من مرضی یا نسبتاً زیادہ اضافی  قیمتوں پر ہی لوگوں کو فراہم یا فروخت کرنے پر رضا مند ہوتے ہیں، ایسی غیر قانونی کارروائیوں سے وہ سراسر بلا جواز اور مصنوعی مہنگائی کے حالات پیدا کر کے عوام کی زندگی کے لئے  تکالیف اور مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔ ان سماج دشمن عیار اور دھوکا باز افراد کی منفی حرکات  اور سرگرمیوں کا فوری طور پر سد باب کرنے کے لئے نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی زیر نگرانی  ایسی  غیر قانونی کارروائیوں پر قابو پا کر عوام کو ضروریات زندگی کی کم قیمتوں پر فراہمی بلا کسی توقف اور رکاوٹ جاری رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ان موقع پرست افراد کی منفی سرگرمیوں پر کڑی نظریں رکھ کر قانونی گرفت کرنے کے ادارے متحرک رہیں۔

امن و امان کے قیام پر بھی آئندہ چند روز کے دوران الیکشن کے بعد کے ایام میں بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ بعض سیاسی مخالف نمائندے اور کارکن اپنی انتخابی مقابلہ بازی میں ناکامی کے خدشات سے اور ناکامی کے بعد حریف امیدواروں یا ان کے حامی افراد پر دھونس اور دباؤ ڈال کر اپنی حمایت پر مائل کرنے کے حربے اپناتے ہیں۔ جبکہ یہ طرز عمل سراسر غیر قانونی اور غیر جمہوری ہے کیونکہ ملک کے ہر اہل مرد اور خاتون ووٹر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ الیکشن میں اپنی آزاد مرضی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ووٹ ڈالے، اس معاملہ میں  پر کسی مخالف امیدوار یا ان کے کارکنوں کی جانب سے کوئی زور زبردستی یا ظلم و جبر کا برتاؤ روا نہ رکھا جائے لیکن وطن عزیز میں بد قسمتی سے جمہوری اقدار کو تا حال مضبوط اور مستحکم نہیں ہونے دیا گیا۔ اس صورت حال میں کئی علاقوں کے انتخابی حلقوں  میں اب بھی جاگیر دارانہ اور وڈیرا ازم روایات کے تسلسل کے باعث  بھی کروڑوں کی تعداد میں ہاری، مزدور او ر کسان اپنے آقاؤں کے احکام پر صرف ان کو ہی  ووٹ دینے پر مجبور چلے آ رہے ہیں۔ انسانی حقوق کے تحفظ اور بیداری کے اداروں کے علاوہ ذرائع ابلاغ کو مناسب تشہیر کے ذریعے اس دیرینہ روایت کے خاتمہ کے لئے باقاعدہ مہم چلانے پر توجہ دینی چاہئے۔ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات اور مخالف سیاسی افراد کی جانب سے انتخابی کامیابی کے لئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور غیر قانونی حرکات کرنے والوں کی سرزنش ہی سے ان کو روک کر پر امن حالات قائم رکھے جا  سکتے ہیں۔

مزید :

رائے -کالم -