سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج، قومی عوامی تحریک کے کارکنان پر پولیس کا لاٹھی چارج،10 زیر حراست
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پولیس نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے قومی عوامی تحریک کے کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی عوامی تحریک نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جس میں خواتین بھی موجود تھیں۔انتظامیہ نے سندھ اسمبلی میں نو منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کررکھے ہیں اور علاقے میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جس کے باعث دفعہ 144 کی حدود میں کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔
پولیس نے احتجاج کرنے والے کارکنان منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج بھی کیا اور قومی عوامی تحریک کے 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا جن میں خواتین کارکنان بھی شامل ہیں۔ادھر احتجاج کی وجہ سے شارع فیصل پر نرسری سے ایف ٹی سی تک ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔