حکومت سڑک بند کر کے احتجاج برداشت نہیں کرے گی،مرتضیٰ وہاب
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے،حکومت سڑک بند کر کے احتجاج برداشت نہیں کرے گی، ابھی تک نگران حکومت موجود ہے، وزیر اعلیٰ سندھ منتخب نہیں ہوئے،وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت سے گلہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جیت کے آس پاس جے یو آئی، جماعت اسلامی یا جی ڈے اے کا امیدوار نظر نہیں آتا، ماضی میں بھی سندھ کے عوام نے جے یو آئی کے نمائندوں کو منتخب نہیں کیا،سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے معاملہ اٹھا رہے ہیں۔پیپلز پارٹی سندھ سے اپنی قومی اور صوبائی اسمبلی نشستوں پر کامیاب ہوئی، الزامات ایسے لگائے جارہے ہیں جیسے پیپلز پارٹی 100 یا 150 ووٹوں سے جیتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہائی وے بلاک کرنا، روڈ بند کرنا مناسب نہیں، کوئی بھی روڈ بند کرکے احتجاج کرے تو حکومت برداشت نہیں کرے گی، ان کا بنیادی ٹارگٹ احتجاج نہیں تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ اسی سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی نے 14 دن دھرنا دیا تھا، یہ جماعتیں اب الیکشن میں ہارنے کے بعد احتجاج کر رہی ہیں لیکن ثبوت پیش نہیں کر رہیں۔