سعید انور دین سے جڑ کر کرکٹ سے دور ہوئے،مشتاق احمد
لاہور(آئی این پی)سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ لیجنڈری اوپنر سعید انور نے دین اسلام سے تعلق کی وجہ سے اچانک کرکٹ سے دوری اختیار کی۔میڈیارپورٹ کے مطابق 92 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے بتایا ہے سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ مشتاق، سعید انور سے بات کرو وہ پاکستان کی خدمت کریں، وہ بڑا پلیئر ہے؟۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ابھی تک سعید انور جیسا اوپنر پیدا نہیں ہوا خیر میں سعید انور کے پاس گیا اور کہا کہ شہریار صاحب کہہ رہے ہیں آکر کوچنگ کرلیں، سلیکٹر بن جائیں کچھ بھی کرلیں۔
سابق لیگ اسپنر کے مطابق سعید انور نے ان سے کہا کہ شہریار صاحب کا شکریہ ادا کرنا لیکن میں بڑی مشکل سے اس دنیا سے نکلا ہوں، میں کمزور آدمی ہوں، میرے لیے وہاں سے واپس آکر پھر ادھر جانا مشکل ہوجائے گا۔مشتاق احمد نے بتایا کہ سعید انور نے ان سے کہا کہ میں اللہ کے دین کا کام کرنا چاہتا ہوں، میرے لیے دعا کرنا میں نے بڑی مشکل سے سب کچھ چھوڑا ہے۔واضح رہے کہ سعید انور نے اپنے کیریئر میں کئی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان کو کامیابی دلوائی، ان کی بھارت کے خلاف 194 رنز کی اننگز آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔سعید انور نے 55 ٹیسٹ، 247 ون ڈے انٹرنیشنل میں ملکی نمائندگی کی اور بالترتیب 4052، 8824 رنز بنائے، ون ڈے میں ان کی سنچریوں کی تعداد 20 اور ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہے۔