سندھ میں پولیو ویکسینیشن میں دشواری
سندھ میں پولیو ویکسینیشن کی مہم کے دوران 43 ہزار ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے مطابق لوگوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض اضلاع میں صورتحال بہت ہی گمبھیر ہے،وہاں پولیو کے کیس بھی سامنے آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ اِس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کے ذریعے پولیو کے قطرے نہ پلوانے والوں سے نبٹنے پر غور بھی کیا گیا۔ حیرت کی بات ہے کہ والدین کو ویکسین پر قائل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ طاقت استعمال کرنا چاہتے ہیں جبکہ اُن کے پاس میڈیا اور کمیونیکیشن کی بڑی ٹیم موجود ہے جو آج کے زمانے کا بہترین ہتھیار ہے اور اس سے ذہن سازی میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو طاقت کے استعمال کے بجائے اپنی ٹیم کو موثر میڈیا مہم چلانے پر زور دینا چاہئے اور ساتھ ہی ان عوامل پر بھی تحقیق کرنی چاہئے کہ آخر لوگوں کے انکار کی اصل وجہ کیا ہے۔
٭٭٭٭٭