صفائی نصف ایمان ہے، اور شجرکاری ہماری آئندہ نسلوں کا تحفظ ہے،ظفر الاسلام خٹک
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں ہفتہ صفائی مہم کے حوالے سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر1ڈیرہ میں پرنسپل عافیہ سعادت کی زیر نگرانی شجر کاری و صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمن اور ڈین گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر نسیم صباءتھیں، اس موقع پر کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک و دیگر نے شجرکاری مہم کے پودے لگائے، پرنسپل عافیہ سعادت کی جانب سے کالج ہذا کی سکیورٹی اور صفائی انچارج کلثوم منان کو بہترین کارکردگی پر مہمانان خصوصی نے اعزازی شیلڈ سے نوازا،کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے، اور شجرکاری ہماری آئندہ نسلوں کا تحفظ ہے۔ ہمیں گھروں، اداروں اور بازاروں میں صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ اسی طرح ہر فرد کو چاہیے کہ وہ سال میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی نگہداشت کرے۔ حکومت کا عزم ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو ایک صاف، سرسبز اور پرامن شہر بنایا جائے۔ ادارے، اساتذہ، طلباءاور عام شہری اس مہم میں کلیدی کردار ادا کریں۔ صفائی اور شجرکاری صرف مہمات نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی بن جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور محلے اگر اس مہم کا حصہ بن جائیں تو نہ صرف ہمارا ماحول بہتر ہوگا بلکہ بیماریوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی، آخر میں پرنسپل عافیہ سعادت نے کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر الاسلا خٹک، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمن اور ڈاکٹر نسیم صباءکا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔