ہمارے لیجنڈز دادا ، دادا کرتے رہے، سورو گنگولی نے پاکستان بارے ایسا بیان دے دیا کہ اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ اپنے کرکٹ تعلقات مکمل طور پر ختم کر دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے نظر انداز کرنا چاہیے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنگولی نے کہا کہ ہر چند سال بعد بھارتی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیاں ہوتی ہیں اور اب اس پر سخت ردعمل ضروری ہے۔گنگولی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ نہ تو کسی دو طرفہ سیریز میں کھیلنا چاہیے اور نہ ہی آئی سی سی یا ایشیائی مقابلوں میں حصہ لینا چاہیے۔ یہ اس وقت تک رہنا چاہیے جب تک کہ صورتحال میں واضح بہتری نہ آئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا پہلے ہی کہہ چکے ہیں بھارت پہلے ہی حکومت کی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ نہیں کھیلتا اور آئندہ بھی ایسا نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ سورو گنگولی کے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ بہت ہی اچھے تعلقات رہے ہیں۔ انہیں ہمارے لیجنڈ کھلاڑی بھی بھارتیوں کی طرح دادا یعنی بڑا بھائی کہتے ہیں لیکن ان کا حالیہ بیان ان کی دل کی حقیقت بیان کرنے کیلئے کافی ہے۔