کرایہ نہ دینے پر گھر خالی کروانے کا تنازع،نوجوان کو چوک میں لاکر قتل کردیا گیا

ساہیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن )کرایہ اور بل ادا نہ کرنے پر گھر خالی کروانے کے تنازع میں ملزمان نے نوجوان کو چوک میں لاکر قتل کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ساہیوال کے نواحی گاو¿ں 93 سکس آر میں کرایہ اور بل ادائیگی نہ کرنے کے تنازع کے دوران تھپڑ مارنے کی رنجش پر نوجوان کو سرعام خنجروں کے وار سے قتل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد درج کئے گئے مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق نوجوان نوید اپنی حمام کی دکان پر بیٹھا تھا کہ سانول اور سجاول 5 ساتھیوں سمیت حملہ آور ہوگئے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے نوید کو دکان سے باہر چوک میں لاکر خنجروں کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا۔ نوید نے ملزمان سے کرایہ اور بجلی کا بل نہ دینے پر مکان خالی کروایا تھا۔ گزشتہ روز نوید کرایہ اور بجلی کا بل لینے گیا اور وہاں نوید نے ایک کو تھپڑ مار دیے۔
پولیس کے مطابق تھپڑ کی رنجش پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا، جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔ فرید ٹاو¿ن پولیس نے قتل کا مقدمہ 5 ملزمان کے خلاف درج کرکے ایک کو گرفتار کرلیا۔