احتجاج کا تیسرا دن: پی ٹی آئی قافلہ جی 8 اور زیرو پوائنٹ کے درمیان موجود، پولیس کی بدترین شیلنگ

احتجاج کا تیسرا دن: پی ٹی آئی قافلہ جی 8 اور زیرو پوائنٹ کے درمیان موجود، ...
احتجاج کا تیسرا دن: پی ٹی آئی قافلہ جی 8 اور زیرو پوائنٹ کے درمیان موجود، پولیس کی بدترین شیلنگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کا آج تیسرا روز ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گنڈا پور اور اہلیہ عمران خان بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ جی ایٹ اور زیرو پوائنٹ کے درمیان موجود ہیں۔ پولیس احتجاجی شرکا کو روکنے کیلئے مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کررہی ہے۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج تیسرے روز میں داخل ہوگیا، صورتحال سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کا قافلہ جی 9 کے قریب پہنچ گیا، قافلہ جی 9 سگنل کی رکاوٹیں عبور کرگیا، پولیس اور رینجرز نے جی 9 سگنل سری نگرہائی وے پر مورچے سنبھال لیے۔

پی ٹی آئی کا قافلہ رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد جی 9 سگنل سری نگرہائی وے کی طرف پیش قدمی کررہا ہے، جی 9 سگنل پر بھی پولیس اور انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹ کھڑی کر رکھی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس علی رضا علوی آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔

راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سڑکوں پر خوف کا عالم برقرار ہے، امن و امان کی صورت کے پیش نظرآج دوسرے روزبھی تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں، جڑواں شہروں میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ پیپر بھی منسوخ کردیے گئے۔

اس کے علاوہ جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹروبس سروس آج چوتھے روز بھی بند ہے، گرین لائن اور بلیو لائن سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل رہی، شہر اقتدار میں بگڑی صورتحال کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں حاضری میں معمول سے انتہائی کم ہے۔

اس سے قبل نصف شب کے بعد پی ٹی آئی کارکن 26 نومبر چونگی پر بڑی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد سرینگر ہائی وے پر جھڑپیں ہوئیں لیکن یہ محدود تھیں۔

اسی دوران شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں چار اہلکار شہید ہوگئے اور فوج کو طلب کر لیا گیا۔تاہم فوج کی طلبی کے باوجود پی ٹی آئی کا قافلہ آگے بڑھا۔ جی الیون سے ڈی چوک کا فیصلہ 14 کلومیٹر ہے۔

جی الیون پہنچ کر بشریٰ بی بی نے کنٹینر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم درخواست کر رہے ہیں کہ لوگ پر امن رہیں، یہ آپ کے بہن بھائی ہیں جو آ رہے ہیں، کارکنان ڈی چوک پہنچیں گے۔

اطلاعات کے مطابق علی امین گنڈا پور 26 نمبر پر ہی ہیں اور بشری بی بی قافلے کی خود قیادت کر رہی ہیں۔