خوبصورت جزیرے میں رہائش، دنیا کی سب سے بہترین ملازمت!
دنیا بھر میں بیشتر افراد کوئی کام کیے بغیر کمانے کے خواہشمند ہوتے ہیں یا ان کی خواہش ہوتی ہے کہ سیاحت ان کی کمائی کا ذریعہ بن جائے تو ایسی ہی زبردست ملازمت کی پیشکش سکاٹ لینڈ میں سامنے آئی ہے۔ سکاٹ لینڈ کے بے آباد جزیرے کے لئے ایک ”منیجر“ کو تلاش کیا جا رہا ہے جسے رہائش کے ساتھ ساتھ سالانہ 31 ہزار ڈالرز (86 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تنخواہ دی جائے گی۔یہ جزیرہ یورپ میں سمندری پرندوں کی شرح افزائش کے حوالے سے بہت اہم سمجھا جاتا ہے، اس جزیرے کی چٹانوں کا نظارہ مسحور کن ہے اور وہاں تک رسائی کشتی کے ذریعے ممکن ہوتی ہے۔
سکاٹش وائلڈ لائف ٹرسٹ کے مطابق اس ملازمت کے لئے کنٹریکٹ کی مدت تک کے لئے رہائش بھی فراہم کی جائے گی جب کہ یہ ملازمت ان جوڑوں کے لئے بھی دستیاب ہے جو یہ کام اکٹھا کرنے کے خواہشمند ہوں گے اور ساتھ زندگی بھی گزاریں گے۔ملازمت کرنے والے کو ایک گاؤں Scourie کا ہر ہفتے دورہ کرنا ہوگا تاکہ کپڑے دھونے،بینکنگ سے جڑے کام اور خریداری کر سکے۔ملازمت کے اشتہار کے مطابق Handa آئی لینڈ رینچر (منیجر) کو مؤثر طریقے سے اس خوبصورت جزیرے کی دیکھ بھال کرنا ہوگی۔کامیاب امیدوار ورک پروگرامز کو آرگنائز اور رضا کاروں کی ایک ٹیم کو بھی سنبھالنا ہوگا جب کہ وہ جزیرے کی جنگلی حیات اور وہاں ہر سال آنے والے 8 ہزار سیاحوں کا نگران بھی ہوگا۔جزیرے میں کوئی بھی مستقل طور پر نہیں رہتا تو یہ ملازمت ایسے فرد کے لئے مناسب ہوگی جو شہر کی مصروف زندگی سے دور رہنے کا خواہشمند ہو۔اچھی بات یہ ہے کہ ملازمت کے لئے کسی خاص کوالیفکیشن کی ضرورت نہیں البتہ بحری اور قدرتی چیزوں کے بارے میں جاننا ملازمت کے حصول کا موقع بڑھائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس اور کسی گاڑی تک رسائی بھی ضروری ہوگی۔آغاز میں یہ ملازمت 6 ماہ کے کانٹریکٹ کے ساتھ دی جائے گی اور 31 ہزار ڈالرز (6 ماہ کے لئے) تنخواہ دی جائے گی۔