چینی کمپنی کا پنجاب میں چاول اور مکئی کی کاشت کیلئے پائلٹ پراجیکٹ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قابل عمل پلان طلب کر لیا

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )چینی کمپنی بی جی آئی گروپ نے پنجاب میں چاول اور مکئی کی کاشت کیلئے پائلٹ پراجیکٹ، پیدوار بڑھانے کیلئے جی ایم او کاٹن لگانے کی پیشکش کی ہے اور پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کیلئے اشتراک کاربھی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے بی جی آئی گروپ کے چیئرمین وانگ جیان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کینسر کے علاج اور جدید جینیاتی تحقیق کے لئے دورے چین میں ہونے والے ایم او یو پر پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفدنے بہاولپور کے صحرائی علاقے میں چاول اور مکئی کی کاشت کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کی پیشکش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چینی گروپ کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور اس ضمن میں صوبائی وزیر زراعت فوکل پرسن مقرر کر دیا۔
چینی ادارے کے تعاون سے کپاس کی پیداوار میں 15فیصد تک اضافے کے لئے جی ایم او کاٹن کی کاشت پر اتفاق کیا گیا۔ چینی بی جی آئی گروپ کی طرف سے پنجاب میں کینسر ٹریٹمنٹ اور جینٹک ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھرپور اشتراک کی پیشکش پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیکرٹری ہیلتھ سے چینی بی جی آئی گروپ کے ساتھ ملکر کا قابل عمل پلان طلب کر لیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بی جی آئی اور پنجاب حکومت کا اشتراک کار شعبہ ہیلتھ میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔پنجاب میں خطے کی جدید ترین جینیاتی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لئے جدید جینیاتی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ بی جی آئی کا تعاون سے کینسر کے مرض کی تشخیص اور علاج کے لئے انقلابی کردار ادا کرے گا۔ پنجاب میں کینسر تشخیص و علاج کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ سرکاری ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
بی جی آئی گروپ کے چیئرمین وانگ جیان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شعبہ صحت میں کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کو جدید طبی تحقیق میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں مدد دیں گے۔