ڈیرہ غازی خان او ر راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں:پی ڈی ایم اے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے الرٹ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عامر رضا، ڈائریکٹرآپریشنز نثار ثانی، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ظہیر لیاقت و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مون سون بارشوں دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف بین الاقوامی ماڈلز کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ہل ٹورنٹس میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ 31 اگست تک ڈیرہ غازی خان و راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کی افسران کو الرٹ رہنے نے ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں بھارتی ڈیمز میں پانی کے تناسب کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کے دریاؤں میں فی الوقت سیلاب کا کوئی خدشہ نہیں۔ راجن پور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وئیر ہاؤسز میں موجود امدادی سامان کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم پنجاب تیار ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ارلی وارننگ سسٹم کو جدید تر بنایا جائے گا۔ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی مالی امداد کی جا رہی ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال میں ڈی ڈی ایم سیز کا کردار بہت اہم ہے۔ ضلعی سطح پر ریسکیو، پولیس سول انتظامیہ اور دیگر اداروں سے 24 گھنٹے رابطے میں رہیں۔ کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں۔ اچھی کارکردگی والے افسران کو سراہا جائے گا ناقص کارکردگی پر پوچھ گچھ ہوگی۔