ویلفئیر ایسوسی ایشنز اپنے ایجنڈے میں سکولوں کی بہتری بھی شامل کریں، وزیر تعلیم
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی ایمپلائرز ویلفیئر سوسائٹی کے نو منتخب عہدیدران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمپلائز ایسوسی ایشن اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ ٹیکسٹ بکس ایرر فری ہوں اور کسی سٹور کی بجائے بچوں تک پہنچنی چاہئیں۔ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ویلفئیر ایسوسی ایشنز سکولوں کی بہتری بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کریں اور تعلیم کی ایڈووکیٹ بنتے ہوئے تعلیم کو ہارنے نہ دینے کا عزم کریں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ملازمین کی ویلفئیر کیساتھ ساتھ سکولوں اور طلباء کی ویلفئیر کیلئے بھی کام کریں۔ دنیا کا ہر مذہب حقوق العباد کو ترجیح دینے کی ترغیب دیتا ہے۔ رواں سال کم وقت میں اور کم قیمت پر کتابوں کی ترسیل کی گئی، آئندہ سال کتابوں کی بروقت ترسیل یقینی بنائیں گے۔
میڈیا نمائندگان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ نیوٹریشن پروگرام کیلئے ابتدائی طور پر وہ اضلاع چنے گئے جہاں خوراک کا مسئلہ درپیش ہے۔ 5 ستمبر کو 3 اضلاع میں نیوٹریشن پروگرام کا آغاز ہو جائے گا جبکہ نیوٹریشن پروگرام میں ہر 2 ماہ میں 3 اضلاع کا اضافہ کیا جاتا رہے گا۔