وزیر صحت اورسیکرٹری داخلہ پنجاب کا ملتان کا دورہ،سلنڈر دھماکے کے متاثرین سے ملاقاتیں

وزیر صحت اورسیکرٹری داخلہ پنجاب کا ملتان کا دورہ،سلنڈر دھماکے کے متاثرین سے ...
وزیر صحت اورسیکرٹری داخلہ پنجاب کا ملتان کا دورہ،سلنڈر دھماکے کے متاثرین سے ملاقاتیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ملتان میں سلنڈر دھماکے کے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری داخلہ نے حادثے سے ہونیوالے گھروں کے نقصان کا جائزہ لیا۔

 کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں ،آر پی او کیپٹن سہیل چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور سیکرٹری صحت عظمت محمود سمیت ضلعی حکام بھی ہمراہ تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا تعزیتی پیغام متاثرین تک پہنچایا۔

 صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب حادثے سے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو 1122 نے ریکارڈ وقت میں امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جامع انکوئری کے ذریعے محرکات کا پتہ کرکے ملزموں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ انتظامیہ علاقے کو حفاظتی حصار میں لیکر جائے حادثہ کلئیر کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو گھروں اور جانوروں کے نقصانات کا تفصیلی سروے کرنے کا حکم دیا گیا۔ بعد ازاں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کوٹ چٹھہ ڈی جی خان پہنچے جہاں انہوں نے ایل پی جی کنٹینرز میں آتشزدگی کے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ایل پی جی کنٹینرز میں آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ملتان میں سلنڈر دھماکے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔  کمشنر ملتان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی 3 روز میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کیلئے ضروری اقدامات کے بارے  میں سفارشات پیش کرے گی۔ انکوائری کمیٹی میں سی پی او ملتان، جوائنٹ ڈائریکٹر اوگرا، ڈائریکٹر سول ڈیفنس، ڈائریکٹر کیمیکل انجینئرنگ بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان شامل ہیں۔