کراچی ،تحریک انصاف نے تین پارٹی سربراہوں کی چھٹی کردی

کراچی ،تحریک انصاف نے تین پارٹی سربراہوں کی چھٹی کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کے بلے نے تین سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی چھٹی کردی اورکراچی کی سیاست کا پانسہ بدل دیا۔ عام انتخابات 2018 میں کراچی والوں نے جہاں عمران خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا وہیں تحریک انصاف کے دیگر امیدواروں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔این اے 243 سے عمران خان کو 94 ہزار سے زیادہ ووٹ ملے جبکہ ایم کیوایم کے علی رضاعابدی صرف24 ہزار ووٹ لے سکے۔شہر قائد میں تحریک انصاف کے بلے نے سب کی چھٹی کردی اورتین سیاسی پارٹیوں کے سربراہوہ تحریک انصاف کے امیدواروں کے ہاتھوں شکست کھاگئے تحریک انصاف کے امیدوارشکورشاد نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کوشکست دے کرلیاری سے پیپلزپارٹی کا صفایا کردیا۔ تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا نے این اے 249 سے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو شکست سے دو چار کیا جبکہ این اے 245 سے عامر لیاقت حسین نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی۔ حلقہ این اے 244 سے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے ن لیگ کے مفتاح اسمعیل کوہرادیا جبکہ این اے 247 میں تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دیدی۔کراچی کی قومی اسمبلی کی 21نشستوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 13 نشستیں حاصل کرکے ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلزپارٹی کی بنیادوں کو ہلاکررکھ دیا اور ایم کیو ایم کو عزیزآباد میں ہرا کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔حالیہ انتخابات میں ایم کیو ایم کی پتنگ اڑ سکی نہ ہی مصطفی کمال کامیاب ہوسکے جبکہ شہباز شریف کو بھی کراچی والوں نے مسترد کردیا اور بلاول بھٹو اپنے گڑھ لیاری میں ہار گئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول