بھارت نے ڈیلی پاکستان کا یوٹیوب چینل بلاک کردیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ حملے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار بھارت نے پاکستان کے نمایاں چینلز میں سے ایک ڈیلی پاکستان کا یوٹیوب چینل "https://www.youtube.com/@dailypakistan" بھی بلاک کردیا، اس سے قبل بھی کئی پاکستانی چینل بلاک کیے جاچکے ہیں۔
تفصیل کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ یہ پابندی پاکستانی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایک وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، کیونکہ پہلگام میں مبینہ جھوٹے فلیگ آپریشن پر اٹھتے سوالات اور مودی کی زیرقیادت حکومت کو بڑھتی ہوئی تنقید اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد میڈیا پر بھی پابندیاں لگادیں جبکہ پاکستانی چینلز کو اپنے ملک میں بلاک کردیا تاکہ عوام حقائق نہ جان سکیں۔
یوٹیوب نے ڈیلی پاکستان کو بلاکنگ سے متعلق فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ "ہمیں حکومت کی جانب سے آپ کے مواد کے حوالے سے قومی سلامتی یا پبلک آرڈر سے متعلق ایک آرڈر موصول ہوا ہے۔ جائزہ لینے کے بعد ہندوستان میں یوٹیوب چینل اور اس کے مواد کو بلاک کردیا گیا ہے ، مستقبل میں بھی اس چینل پر اپ لوڈ ہونے والے مواد کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔
یوٹیوب نے مزید کہا ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یہ غلطی سے ہوا ہے تو اپیل کرسکتے ہیں لیکن صرف ایک بار۔۔۔
یاد رہےکہ حال میں ہی ڈیلی پاکستان نے ایک ایسی مزاحیہ ویڈیو بھی کی تھی جس میں "ابھی نندن"کو پکڑے جانے کی ڈراماٹائز ڈ کہانی دکھائی تھی ۔
یادرہے کہ اس سے قبل ہی رضی نامہ ، جیو نیوز، اے آر وائی نیوز، بول نیوز، ڈان، سماء ٹی وی، اور عاصمہ شیرازی، عمر چیمہ، منیب فاروق، اور ارشاد بھٹی جیسے صحافیوں سمیت کئی پاکستانی میڈیا آؤٹ لیٹس اور یوٹیوب کی شخصیات پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔
پابندی کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، بہت سے صارفین نے مودی حکومت پر آزادی اظہار اور متبادل نقطہ نظر کو دبانے کا الزام لگایا۔
پابندیوں کے باوجود، بہت سے ہندوستانی ناظرین مبینہ طور پر VPNs اور پراکسی سروسز کے استعمال کے ذریعے پابندیوں کو نظر انداز کر رہے ہیں تاکہ بلاک شدہ مواد تک رسائی حاصل کی جا سکے ۔