کشمیری کی آزادی کو ریاستی پالیسی بناکر فنڈز بھی مختص کئے جائیں ،سراج الحق
بہاول پور( آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کو ریاستی پالیسی بنایا جائے اور اس کیلیے فنڈز رکھے جائیں، دنیامیں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے ایک نائب وزیر خارجہ بنانے کیساتھ ساتھ تمام سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک بھی بنایا جائے، افغانستان میں جو حشر روس اور امریکہ کاہوا و ہی بھارت کا کشمیر میں بھی ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کشمیر کانفرنس سے حزب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر تاج علی شاہ،امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ،،امیر ضلع سید ذیشان اختر ،امیر شہر پروفیسر سعید احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاشوں پر لفظی سیاست کا کردار ادا نہ کیا جائے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے جبکہ او آئی سی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے کیونکہ اگر مدعی سست ہوں تو گواہ چست نہیں ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے سات نکات نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی حکومتوں نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ریاستی پالیسی بنانے کیلئے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلا کر ایک روڈ میپ بنایا جائے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ5فروری پورے پاکستان میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے اورکشمیریوں کو پیغام دیں گے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں جس طرح وہ کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان کے ساتھ ہیں اورپاکستان ہمارا ہے۔