چڑیا گھر کا ملازم پنجرے کادروازہ بند کرنا بھول گیا اور شیر کو کھانا ڈالنے لگا کہ اچانک۔۔۔۔

ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان میں شیر نے چڑیا گھر کے ملازم کو کھانا ڈالنے کے دوران حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ جاپان کے توہوکو سفاری پارک میں پیش آیا جہاں 53 سالہ ملازم کنیچی کاٹو شیر کو کھانا کھلانے کیلئے پنجرے میں لے جانے کی کوشش میں تھا تا کہ وہ کھانا کھا لے۔
کنیچی کاٹو اس دوران ایک دروازہ بند کرنا بھول گیا جس سے شیر اندر داخل ہو گیا اور اس نے کھانے میں دیا گیا گوشت کھانے کی بجائے کنیچی کاٹو پر حملہ کر دیا۔ شیر نے پہلے کنیچی کی گردن کو جکڑا اور دانتوں سے اسے لہولہان کر دیا۔ 53 سالہ ملازم کا چند لمحوں میں دم نکل گیا اور وہیں پر مردہ حالت میں پڑا رہا۔
سفاری پارک انتظامیہ نے بعد ازاں شیر کو پنجرے سے دوبارہ نکال کر لاش برآمد کر لی۔