سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بدی کی طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کوئٹہ کے دورے پر پہنچے ، جہاں انہیں مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشتگردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں ،اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، یہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا ،مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے،پاکستانی عوام امن، معاشی اور انسانی ترقی کیلئے پرعزم ہیں ،شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی،شرکانے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیاجہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی ،آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔
آرمی چیف نے زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
اس سے قبل کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔