رنگین اور سنگین !
مملکت خداداد پاکستان سنگین معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام،لاقانونیت، دہشت گردی، بدترین مہنگائی اور بیروزگاری کے مسائل سے دوچار ہے، ہر باشعور فرد اور سمندر پارپاکستانیوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے، انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، سرمایہ دار اورپڑھے لکھے نوجوان ملک چھوڑ رہے ہیں۔ ملک کا مستقبل کیا ہوگا ؟یہ سوال زبانِ زدِ عام ہے۔ سابق آرمی چیف جنرل( ر) قمر جاوید باجوہ اپنی توسیع شدہ مدت ملازمت پوری کرکے 29نومبر کو ریٹائر ہوگئے، دوران سروس اُنہوں نے مسلح افواج ،ملک اورقوم کے لیے کچھ کیا یا نہیں کیا ؟یہ ایک سوال ہے جس کا جواب دھندلے مستقبل میں پوشید ہ ہے۔ بقول سابق وزیر اعظم عمران خان نے جنرل باجوہ کو مختلف القابات سے پکارا اور اُن پر سنگین الزمات لگائے قومی ،انٹرنیشنل میڈیا میں لکھا اور بولا گیا جس سے پوری دنیا میں اچھا پیغام نہیں گیا مگر الزمات کا یہ سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ عمران خان کی مبینہ نازیبا آڈیوزسوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق ہے یا نہیں تحقیقات سے سب پتہ چل جائے گا۔ملک کی سیاسی شخصیت نے احتیاط کا دامن کیوں چھوڑ دیا ؟کیا وہ بھی شہرت اور بدنامی کا فرق نہیں جانتے یا مانتے ؟حلیفوں سے حریفوں کے لہجے میں بات کرنا کب روا اور بجا ہے ؟افراد ملت اِن کے انداز جسارت پر حیران بلکہ پریشان ہیں۔ ایک معصومانہ سوال: " مسلح افواج کے سابق سربراہ کو موضوع بحث بنانے کا مقصد کیا ہے ؟نہیں بابا !لکھنے اور بولنے کے لیے بیسیوں موضوعات تشنہ پڑے ہیں ایک سے بڑھ کر ایک رنگین اور سنگین موضوع !
میں درد و غم کا قصہ پورا نہ کہہ سکوں گا
اندازہ آپ کرلیں سُن کے کہیں کہیں سے
ہمارے کوچہ سیاست وصحافت میں کس کس نے کب کب سچائی کا گلہ دبایا ہے، پاکستان میں سب کچھ لکھا اور بولا جاتا ہے، کل تک اکثریتی لوگوں کا "علم "پرنٹ میڈیا اور کالموں تک محدود تھا، آج اِس میں الیکٹرانک میڈیا بھی پورا حصہ ڈال رہا ہے۔ پہلے رپورٹر اور کالم نگا رہوتے تھے اب اینکر پرسن، یوٹیوبر ،ٹک ٹاکر، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ،کامیڈین، یہ قبیلے بھی ممکنہ حد تک تفکر و تدبر کا کھلواڑ کرتے پھرتے ہیں، خدارتمام سٹیک ہولڈر مل کر پاکستان کا کچھ سوچیں اور کچھ بہتری کریں، حالات اچھے نہیں ہیں۔ نئے سپہ سالارجنرل حافظ عاصم منیر شاہ صاحب حسنی سید ،حافظ قرآن ،شجرہ نسب رسالت مآبﷺ، اسلام دوست ،نیک نیت ،حب الوطنی اور راست فکری کا ایک روشن حوالہ !اَن گنت ہاتھ اِس التجا کے ساتھ بارگاہ اللہ رب العزت میں اُٹھتے ہیں کہ وہ اُنہیں مزید معتبر بنادے۔ ایک بااصول، باوقار اور باکردار شخصیت کے نظریوں اور تجربوں سے فائدہ اُٹھانے کا موقع ملنا غنیمت ہے۔ وطن عزیر کا دفاع مضبوط ہاتھو ں میں ہے، مکار دشمن ملک بھارت کوسخت پیغام دیا گیا ہے ،پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گرد جہنم واصل ہورہے ہیں، شہداءاور غازیوں کو قوم کا سلام۔۔۔ پاکستان پائندہ باد ،مسلح افواج زندہ باد !